Friday, May 10, 2024

ملک بھر کے تعلیمی ادارے 15 ستمبر سے مشروط طور پر کھولنے کا اعلان

ملک بھر کے تعلیمی ادارے 15 ستمبر سے مشروط طور پر کھولنے کا اعلان
July 9, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز) ملک بھر کے تعلیمی ادارے 15 ستمبر سے مشروط طور پر کھولنے کا اعلان، وفاقی وزیرتعلیم شفقت محمود کا کہنا ہے اگست اور ستمبر میں مزید مشاورت ہوگی ، صحت کے معاملات درست نہ ہوئے تو نظرثانی ہوسکتی ہے  ۔ یونیورسٹیز عید کے بعد پی ایچ ڈی کے طلبہ کو بلا سکتی ہیں مگر ہاسٹلز میں تیس فیصد سے زیادہ طلبہ نہیں رہ سکیں گے۔

وزیر تعلیم شفقت محمود نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ روز بین الصوبائی وزرا میٹنگ ہوئی ، سیکرٹری صحت کو بھی بلایا جنہوں  نے صحت سے متعلق بریف کیا ، تعلیمی اداروں   یونیورسٹیز ،اسکول، کالجز کا فیصلہ کیا ہے کہ 15 ستمبر  سے تعلیمی ادارے  کھل جائیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ اگست کے پہلے ہفتے میں پھر اگست کے تیسرے ہفتے میں دوبارہ صحت کے انڈیکیٹرز کو مدنظر رکھ کر فیصلہ کریں گے ۔  تعلیمی اداروں میں  ایس او پیز سے متعلق تجاویز آئی ہیں،  ہم  چاہتے  ہیں کہ اگر صحت کے انڈیکیٹرز بہتر ہیں تو ہم 15 ستمبر کو  تعلیمی ادارے کھولنا چاہیں گے۔

وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ صوبوں سے درخواست کی ہے کہ  اپنے اپنے ایس او پیز لکھ کر بھیجیں تاکہ ہم وفاقی سطح پر کوئی حکمت عملی بنائیں ، مختلف تعلیمی اداروں کو اجازت دی جائے  گی کہ اس 15ستمبر سے پہلے تعلیمی اداروں کو انتظامی دفاتر کھولنے کی اجازت دی جائے ۔

شفقت محمود نے کہا کہ ہاسٹلز میں اگر 100کی گنجائش ہے تو صرف 30 کو وہاں بلایا جائے گا یہ ان کیلئے ہے جن کے پاس انٹرنیٹ کی سہولت نہیں ، اسکول اسٹاف کو ایس او پیز پر مکمل ٹریننگ ہونی چاہیے، ایس او پیز وزارت تعلیم بنائے گی، صوبے اپنے اپنے ماحول کے مطابق ایس او پی بناسکتے ہیں۔