Thursday, May 9, 2024

ملک بھر کیلئے یکساں تعلیمی نصاب لا رہے ہیں ، وزیر اعظم

ملک بھر کیلئے یکساں تعلیمی نصاب لا رہے ہیں ، وزیر اعظم
October 2, 2019
اسلام آباد (92 نیوز) وزیر اعظم عمران خان نے ملک بھر کے لئے  یکساں نصاب  تعلیم  لانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ  سارے ملک میں ایک جیسا نصاب  لاگو کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں ۔ اسلام آباد میں مدارس کے پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ کے اعزاز میں تقریب کاا نعقاد کیا گیا جس میں وزیر اعظم عمران خان نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی ۔ وزیر اعظم نے پوزیشن ہولڈرز میں انعقامات  تقسیم کئے ۔ وزیر اعظم نے اپنے  خطاب میں کہا کہ نبی اکرم ﷺ نے سب سے زیادہ توجہ تعلیم پر دی ، آپ ﷺ نے فرمایا کہ  تعلیم حاصل کرو چاہے تمہیں چین جانا پڑے ۔ وزیر اعظم نے  کہا کہ انگریز نے باقاعدہ سازش کے تحت مسلمانوں کی تعلیم کا نظام ختم کیا ، وزیر اعظم نے کہا کہ مدارس کے طلبہ کو موقع دینا چاہئے کہ وہ جو چاہیں بن سکیں ۔  مغرب دنیا پر چھائی تو دنیا  مغربی تعلیمات کے پیچھے بھاگ پڑے لیکن علامہ اقبال نے  مغربی فلسفے  پڑھ کر  مغربی طاقتوں کا مسلمانوں کی طاقت سے موازنہ کرکے اپنی شاعری  میں پیش کیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ  پاکستانی  طلبہ کو اپنے دین ، اسلام کی تاریخ ، جدید سائنس  کی سمجھ ہو ، ہم پاکستانی جنریشن کو آل راؤنڈر بنانا چاہتے ہیں ، ہمارے سیاسی رول ماڈل قائد اعظم ،نظریاتی  رول ماڈل علامہ اقبال تھے ۔ اس موقع پر وزیر اعظم نے  وزیر تعلیم شفقت محمود کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ شفقت محمود آپ نے اقبالیات  طلبہ کیلئے لازم قرار دینی ہے ۔ ہمارے طلبہ کو ان رازوں کا علم ہونا چاہئے جن کی بدولت مسلمانوں نے 700 سال تک دنیا پر حکمرانی کی ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ سارے ملک کے لئے ایک جیسا نصاب ضروری ہے ، اس سے ہم ایک قوم بنیں گے ،  موجودہ  نظام کے تحت  اچھی اچھی نوکریاں  صرف انگریزی اسکولوں کیلئے ہیں ، سرکاری اسکول کے بچے اوپر ہی نہیں جا سکتے ۔  ہمارے  بہترین نظام کو بڑی محنت سے تباہ کیا گیا ہے لیکن ہم اسے دوبارہ  کھڑا کریں گے ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ سارے ملک کے لئے ایسا نظام لا رہے ہیں کہ جو محنت کرے صرف وہی اوپر آسکے ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ  مقبوضہ کشمیر میں  80 لاکھ مسلمانوں کو  کھلی جیل میں تقریباً دو ماہ سے بند  کر رکھا ہے ،  پاکستان  ، ملائیشیا اور ترکی سے مل کر ایک ٹی وی چینل بنائے گا جس کا مقصد  ہمارا وہ موقف دنیا کے پیش کرنا ہے جو  ہم پیش کر نہیں پاتے ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ  ہم ایسی فلمیں بنانا چاہتے ہیں کہ اسلام کی تاریخ سے ہمارے بچوں کو روشناس کرا سکیں ، ہمیں خالد بن ولید جیسی عظیم شخصیات  پر فلمیں بنانا چاہئیں ۔