Thursday, March 28, 2024

ملک بھر کی جیلوں میں بھی جشن آزادی کی تقاریب

ملک بھر کی جیلوں میں بھی جشن آزادی کی تقاریب
August 14, 2020
 لاہور (92 نیوز) ملک بھر کی جیلوں میں بھی جشن آزادی کی تقاریب ہوئیں۔ قیدیوں نے حمد، نعتیں اور ملی نغمے سنائے۔ قومی ترانہ بھی پڑھا۔ جشن آزادی پر جیلوں میں سبز ہلالی پرچموں کی بہار آ گئی۔ قیدی بھی وطن کی محبت کے جذبے سے سرشار نظر آئے۔ ملک بھر کی جیلوں میں  یوم آزادی پر پروقار تقریبات ہوئیں۔ کیک کاٹے گئے، جیلیں پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھیں۔ لاہور کی  سنٹرل اور ڈسڑکٹ جیلوں  میں جشن آزادی شایان شان طریقے سے منایا گیا۔ پرچم کشائی کی تقریب ہوئی اور قیدیوں میں مٹھائی بھی تقسیم کی گئی۔ فیصل آباد کی ڈسٹرکٹ جیل میں یوم آزادی  کے حوالے سے  تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ قیدیوں کے درمیان رسہ کشی کے مقابلے ہوئے۔ صوبائی وزرا اجمل چیمہ، حافظ ممتاز، لطیف نذر اور ڈی آئی جی سعید اللہ گوندل نے تقریب میں شرکت کی اور جیتنے والوں میں انعامات تقسیم کئے۔ ڈی آئی جی سعید اللہ گوندل نے کہا وطن عزیز سے محبت اور اسکی حفاظت ہمارے ایمان کا حصہ ہے ۔ صوبائی وزیر اجمل کا کہنا تھا وطن عزیز کیلئے کسی بھی قربانی سے گریز نہیں کریں گے ۔ ملتان میں ریجنل جیل خانہ جات آفس میں جشن آزادی کی تقریب ہوئی جہاں قومی پرچم کو سلامی دی گئی۔ ڈسٹرکٹ جیل قصور میں بھی  تقریب سجائی گئی۔ یوم آزادی پر بہاولپور کی نیو سنٹرل جیل سبز ہلالی پرچم کے رنگوں میں رنگ گئی۔ جیل کی تمام بیرکوں کو جھنڈیوں سے سجایا گیا۔ پرچم کشائی کی تقریب میں ڈپٹی انسپکٹر جنرل جیل خانہ بہاولپور ریجن رانا عبدالرؤف نے خصوصی شرکت۔ قیدیوں نے ملی نغمے اور جشن آزادی کے حوالے سے تقاریر پیش کیں۔ ڈسٹرکٹ جیل جھنگ میں بھی جشن آزادی شایان شان طریقے سے منایا گیا۔ اسیران جیل نے اسٹاف کے ساتھ مل کر قومی نغمے گائے ۔