Friday, March 29, 2024

ملک بھر میں یوم عاشور کے جلوس نکالے جارہے ہیں

ملک بھر میں یوم عاشور کے جلوس نکالے جارہے ہیں
September 21, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) ملک بھر میں یوم عاشور کے جلوس نکالے جا رہے ہیں ۔ مجالس کا اہتمام بھی کیا جائے گا۔ دس محرم الحرام اسلامی تاریخ کا ایک ایسا دن جب دنیا بھر کے مسلمان نواسہ رسول ﷺ کو اُن کی عظیم قربانی پر خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ مجالس بھی ہو نگی جن میں علما وذاکرین حضرت امام حسین علیہ اسلام اور اُن کے خاندان کی لازوال قربانی پر روشنی ڈالیں گے۔ لاہور میں مرکزی جلوس نثار حویلی سے شروع ہوا جو موچی دروازے  سمیت اندرون شہر سے ہوتا ہوا مغرب کے بعد امام بارگاہ کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہو گا۔ جلوس میں ہزاروں عزاداران امام حسین علیہ السلام کی عظیم قربانی پر اُنہیں خراج عقیدت پیش کر رہے ہیں۔ جلوس کے راستے میں سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔ کراچی میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہو گیا۔ جلوس شہر قائد کے مختلف مقامات سے گزرتا ہوا امام بارگاہ حسینیاں ایرانیاں پر اختتام پذیر ہو گا۔ جلوس کے راستے میں جا بجا پانی کی سبیلیں بھی لگائی گئی ہیں۔ کوئٹہ میں مرکزی جلوس علمدار روڈ سے برآمد ہو گا جو میزان چوک اور جنکشن چوک سے ہوتا ہوا شام کو واپس علمدار روڈ پر اختتام پذیر ہو گا۔ راول پنڈی میں عاشورہ کا مرکزی جلوس روایتی راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ قدیمی پر پہنچ کر اختتام پذیر ہو گا۔ پشاور ،ملتان ، فیصل آباد، رحیم یار خان سمیت  ملک کے چھوٹے بڑے  شہروں میں بھی یوم عاشور کے موقع پر جلوس نکالیں جا رہے ہیں۔