Saturday, April 20, 2024

ملک بھر میں یوم عاشور عقیدت و احترام سے منایا جارہا ہے

ملک بھر میں یوم عاشور عقیدت و احترام سے منایا جارہا ہے
August 19, 2021 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) میدان کربلا میں حضرت امام حسین علیہ السلام اور ساتھیوں کی عظیم قربانی، ملک بھر میں یوم عاشور عقیدت و احترام سے منایا جارہا ہے۔   

لاہور نثار حویلی سے برآمد ہونے والا 10 محرم الحرام کا مرکزی جلوس اپنے روایتی راستوں پر گامزن ہے، جلوس روایتی راستوں سے ہوتا ہوا امام بارہ گاہ کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔ جلوس کے راستوں پر سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے ہیں، جبکہ جگہ جگہ جلوس کے شرکاء کیلئے سبیلیں بھی لگائی گئی ہیں۔

کراچی میں دس محرم الحرام کےحوالےسے مرکزی جلوس نشتر پارک سےبرآمد ہوکر روایتی راستوں پر رواں دواں ہے ،جلوس کی سکیورٹی کے لئے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔

راولپنڈی میں 10ویں محرم الحرام کے مرکزی جلوس سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ جلوس کے روٹ کی طرف آنے والے راستے رکاوٹیں، خاردار تاریں لگا کر سیل کیے گئے ہیں۔

فیصل آباد میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس اپنے روایتی راستوں پر گامزن ہے، پولیس کی جانب سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے جلوس کی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے جبکہ عزاداروں کیلئے سبیلوں کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔

ملتان میں بھی یوم عاشور کے موقع پر امام بارگاہ ہیرا حیدریہ سے برآمد ہونے والا جلوس اپنے مقررہ راستوں پر رواں دواں ہے، اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔

گوجرانوالہ ریجن میں بھی 10 محرم الحرام کے سلسلے میں جلوس برآمدگی کا سلسلہ جاری ہے، جلوس اور مجالس کی مانٹرینگ کیلئے کمشنر آفس میں کنٹرول روم قائم کردیا گیا ہے، جلوسوں کی گزر گاہوں پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے ہیں۔

بہاولپور ضلع میں آج میں یوم عاشور پر 112 جلوس برآمد ہو رہے ہیں اور 33 مجالس اعزاء برپا کی جارہی ہیں جن میں پانچ جلوس انتہائی حساس قرار دیئے گئے ہیں۔

ضلع چنیوٹ میں بھی یوم عاشور کے موقع پر جلوسوں اور مجالس کا سلسلہ جاری ہے، پولیس اور انتظامیہ کی جانب سے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔

علی پور میں بھی یوم عاشور کے موقع پر جلوسوں اور مجالس کا سلسلہ جاری ہے، علماء کرام کی جانب سے شہادت امام حسین ؓ بیان کی جارہی ہے، جبکہ شہر بھر میں سبیل حسین علیہ السلام کے ساتھ ساتھ نیازکا بھی سلسلہ جاری ہے۔

حیدرآباد میں بھی یوم عاشور کا مرکزی جلوس انجمن حیدری کے زیر اہتمام قدم گاہ مولا علی سے برآمد ہونے کے بعد اپنے روایتی راستوں پر گامزن ہے۔

سانگھڑ میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس الحیدری امام بارگاہ سے برآمد ہوا۔ جلوس روایتی راستوں پر گامزن ہے۔ جلوس کے راستوں پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

سندھ کے ضلع میرپور خاص میں حیدری امام بارگاہ سے برآمد ہونے والا یوم عاشور کا جلوس اپنے مقررہ راستے پر رواں دواں ہے۔

پشاور میں یوم عاشور کا پہلا جلوس امام بارگاہ آغا سید علی شاہ محلہ چڑیکوبان کوچی بازار سے برآمد ہوا۔ عزادار نواسہ رسول امام حسین علیہ السلام اور ان کے ساتھیوں کی شہادت پر نوحہ خوانی کررہے ہیں۔ جلوس کے موقع پر سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔

کوئٹہ میں یوم عاشور کا جلوس اپنے روایتی راستوں پر گامزن ہے، مجموعی طور پر جلوس میں 29 ماتمی دستے شامل ہیں، جلوس کے راستوں پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔

ایبٹ آباد میں دسویں محرم الحرام کا جلوس مرکزی امام بارگاہ ڈگی محلہ سے برآمد ہو گیا ہے۔ جلوس کی نگرانی کے لئے فول پروف سکیورٹی کے انتظامات کئے گئے ہیں۔

گلگت بلتستان میں دسویں محرم الحرام کا مرکزی جلوس اپنے مقررہ راستوں پر گامزن ہے۔ گلگت کا مرکزی جلوس اتحاد چوک میں پہنچ گیا ہے۔ جلوس کی نگرانی کے لئے سخت سکیورٹی انتظامات کئے گئے ہیں۔

استور میں دسویں محرم الحرام مذہبی عقیدت احترام سے منایا جا رہا ہے، مرکزی امام بارگاہ میں عزاداروں کی آمد جاری ہے۔

میرپور آزاد کشمیر میں دسویں محرم الحرام کا مرکزی جلوس امام بارگاہ بیت الحزن سے برآمد ہو گیا ہے۔ جلوس کی گزرگاہوں پر فول پروف سکیورٹی کے انتظامات کئے گئے ہیں۔