Sunday, September 8, 2024

ملک بھر میں کہیں بارش، کہیں برفباری، سردی کی شدت میں اضافہ

ملک بھر میں کہیں بارش، کہیں برفباری، سردی کی شدت میں اضافہ
January 4, 2022 ویب ڈیسک

لاہور/ اسلام آباد (92 نیوز) نئے سال میں موسم کے رنگ نرالے، ملک بھر میں کہیں بارش اور کہیں برفباری کا سلسلہ جاری ہے، سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہوگیا۔

پنجاب میں بادل برس پڑے، لاہور، سیالکوٹ، پاکپتن، قصور، ظفروال اور دیگر علاقوں میں بونداباندی نے سردی کی شدت میں اضافہ کر دیا۔

پنجاب کے مختلف شہروں میں موسم سرما کی پہلی بارش ہوئی، لاہور میں رات گئے بونداباندی ہوئی جس سے خنکی بڑھ گئی اور سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، ابر رحمت سے اسموگ میں کمی کا امکان ہے۔ شہر میں ہونے والی ہلکی بارش سے شہریوں کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے۔

قصور میں باران رحمت برسنے سے خشک سردی کا خاتمہ ہو گیا، چونیاں اور گردونواح میں موسم سرما کی پہلی رم جھم نے سردی میں اضافہ کر دیا۔

عارف والا میں بوندا باندی ہوئی محکمہ زراعت نے اسےگندم کی فصل کے لیے فائدہ مند قرار دیا۔ الہ آباد میں بھی ٹھنڈی ہواؤں کے ساتھ بارش کی چھینٹے پڑیں اور قدرت کا ہر رنگ نکھر گیا۔

پاکپتن اور اطراف میں بھی وقفے وقفے سے بارش ہوئی جس سے متعدد فیڈرز ٹرپ ہو گئے۔ سیالکوٹ میں یخ بستہ ہواؤں کے ساتھ ہونے والی بارش نے موسم خوشگوار بنا دیا۔

شکرگڑھ، کرتار پور، گجرات، گوجرانوالہ اور دیگر علاقوں میں ہلکی بارش ہوئی۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹے میں مزید بارش کی نوید سنائی ہے۔

شہرِ قائد کے آسمان پر بھی گہرے بادل چھائے ہوئے ہیں، ہلکی ہلکی ٹھنڈی ہوا بھی چل رہی ہے، موسم کا حال بتانے والوں نے آج شام تک بادل برسنے کی پیش گوئی کی ہے۔ اندرون سندھ بھی آج بارش متوقع ہے۔

کراچی میں کوئٹہ سے آنے والی ٹھنڈی ہوائیں چل پڑیں، شہرِقائد میں بادلوں کے ڈیرے ہیں۔ سورج بھی بادلوں کے پیچے چھپا ہے، کہیں دیکھائی نہییں دے رہا۔

محکمہ موسمایت کے مطابق کراچی میں آج شام سے موسم سرما کی دوسری بارش کا امکان ہے اور کل تو دن بھر بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہے سکتا ہے۔

صرف کراچی ہی نہیں بلکہ سندھ کے دیگر اضلاع میں بھی آج سے بادل برسنا شروع ہوجائیں گے۔

حیدرآباد، سانگھڑ اور بے نظیر آباد سمیت دیگر اضلاع میں وقفے وقفے سے گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کےمطابق موسم کا نیا سسٹم گذشتہ ہفتے کے سسٹم سے زیادہ طاقتور ہے اسی وجہ سے گرج چمک کے ساتھ کہیں آہستہ تو کہیں تیز بارش ہوگی۔

آج شہرقائد کا کم سے کم درجہ حرارت سترہ ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرات تیئس سے پچیس ڈگری سینٹی گریڈ تک ہی جاسکتا ہے۔

پشاور سمیت خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں میں بارش سے خشک سردی کا خاتمہ ہوا تو شہریوں کے چہرے بھی خوشی سے کھل اٹھے۔

پشاور میں گزشتہ روز سے ہلکی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پشاور میں گیارہ ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ روز سے شروع ہونے والا بارش کا سلسلہ آئندہ 24 گھنٹوں تک جاری رہے گا، تاحال پاراچنار میں 9 ملی میٹر، دیر میں 1 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

صوبے کے بالائی اضلاع میں برف باری ہوئی۔ کالام میں 6 انچ اور مالم جبہ میں 9 انچ برف باری ہوئی۔ موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ کالام، مالم جبہ ،دیر، سوات ،پاراچنار ان دنوں شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں۔

سکردو شہر اور گردونواح میں وقفے وقفے سےبرفباری کا سلسلہ جاری ہے، بالائی علاقوں میں تین فٹ تک برف پڑ چکی ہے، تین سو سے زائد بالائی دیہات کا سکردو شہر سے زمینی رابطہ منقطع ہو چکا ہے۔ بالائی علاقوں میں ادویات، خوراک اور گندم کی قلت پیدا ہوگئی۔

ایبٹ آباد میں بارش اور گلیات میں برف باری کا سلسلہ جاری ہے، گلیات میں شدید برف باری سے رابط سڑکیں بند ہوگئیں، عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ نتھیاگلی ٹھنڈیانی اور ایوبیہ میں دس انچ تک برف پڑچکی ہے، برف سے متاثرہ علاقوں میں بجلی بھی غائب ہے۔

سوات کی وادی کالام میں شدید برف باری سے نظام زندگی معطل ہو کر رہ گیا ہے، ہر شے نے برف کی سفید چادر اوڑھ رکھی ہے، کئی علاقوں کا آپس میں رابطہ منقطع ہوگیا۔ دیربالا کے میدانی علاقوں بارش اور پہاڑوں پربرف باری کا سلسلہ جاری ہے۔

بلوچستان کے شہروں گوادر، پسنی، جیونی سربندن میں بارش کے بعد صورتحال ابتر ہوگئی، ڈیموں میں پانی کی سطح بلند جبکہ سربندن اور دیگر علاقے تالاب بن چکے ہیں۔

جنت بازار میں پانی دکانوں میں داخل ہوگیا، نشیبی علاقے زیر آب آنے پر عوام اپنی مدد آپ کے تحت پانی نکالنے میں مصروف ہیں۔

آزاد کشمیر کے علاقے لیپا میں شدید بارش اور برف باری کی وجہ سے رشیاں موجی روڈ غیر ضروری سفر کے لئے بند کر دی گئی۔

محکمہ شاہرات کے مطابق جہلم ویلی کی ہیوی مشینری میڈ وے پوائنٹ اور داؤ کھن کے مقام پر پہنچا دی گئی ہے۔ موسم صاف ہوتے ہی 2 ہیوی ڈوزر میڈ وے اور ایک ڈوزر داؤکھن سے روڈ کھولنے کا کام شروع کر دیں گے۔