Tuesday, May 21, 2024

ملک بھر میں کڑاکے کی سردی، دھند کا راج، پروازوں اور ٹرینوں کا شیڈول متاثر

ملک بھر میں کڑاکے کی سردی، دھند کا راج، پروازوں اور ٹرینوں کا شیڈول متاثر
December 31, 2020

اسلام آباد (92 نیوز) ملک بھر میں کڑاکے کی سردی پڑنے لگی، رات بھر پنجاب سمیت میدانی علاقوں میں دھند کا راج رہا۔ حدنگاہ صفر ہونے سے موٹروے اور قومی شاہراہیں بند رہیں۔ مختلف فضائی اڈوں پر فلائٹ آپریشن متاثر ہے، ٹرینوں کا شیڈول بھی درہم برہم ہوگیا۔

ملک بھر میں سردی کی شدید لہر جاری ہے، پنجاب اور بالائی سندھ میں صبح کے وقت شدید دھند رہی، ملک بھر میں زمینی اور فضائی سفر دشوار ہوگیا، پنجاب کے بعض علاقوں میں کُہرا پڑنے کی توقع ہے۔

شدید دھند کے باعث رات گئے سے صبح دیر تک موٹروے کو مختلف انٹرچینجز سے بند رکھا گیا، قومی شاہراہوں پر بھی حد نگاہ انتہائی محدود رہی، علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر فلائٹ آپریشن معطل رہا، ملک بھر میں ٹرینوں کا نظام بھی متاثر رہا۔

شہد قائد میں آج سال کے آخری دن موسم خشک اور شدید سرد رہے گا، محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے، درجہ حرارت 11 ڈگری تک ریکارڈ کیا گیا۔

بالائی خیبر پختونخوا، شمالی بلوچستان، کشمیر اور گلگت بلتستان میں موسم شدید سرد ہے، پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے، قلات میں درجہ حرارت منفی 12 ڈگری ریکارڈ کیا گیا، موسم کا حال بتانے والوں کے مطابق چند روز تک ملک کے بیشتر علاقے خشک اور سرد ہواؤں کے زیر اثر رہیں گے۔