Friday, April 19, 2024

ملک بھر میں کورونا کیسز کے حوالے سے پشاور سر فہرست

ملک بھر میں کورونا کیسز کے حوالے سے پشاور سر فہرست
March 30, 2021

پشاور (92 نیوز) پشاور کورونا کے نشانے پر آگیا، ملک بھر میں کورونا کیسز کے حوالے سے پشاور پہلے نمبر پر آگیا۔ پشاور میں مثبت کیسز کی شرح 24.3 فیصد تک پہنچ گئی۔ بڑھتے کیسز کے باعث صوبائی حکومت نے مزید پابندیاں عائد کردیں۔

کورونا کی تیسری لہر نے خیبرپختونخوا میں شدت اختیارکرلی۔ پشاور میں کورونا کیسز کی شرح خوفناک حد تک بڑھ گئی۔ ملک میں مثبت کیسز کی 24.3  شرح کے ساتھ پشاور پہلے نمبر پرآگیا۔ صوبے میں ایک دن میں کورونا سے جاں بحق اٹھارہ میں سے 14افراد کا تعلق پشاور سے ہے۔

شہرکے تین بڑے اسپتالوں کے کورونا وارڈ مریضوں سے بھر گئے۔ 240 کورونا مریضوں کے گنجائش والے اسپتال ایل آر ایچ میں 182 مریض داخل ہیں۔ 106 مریضوں کے گنجائش والے کے ٹی ایچ میں 105، ایچ ایم سی میں 154  بستروں پر 134 مریض داخل ہیں۔

پشاورمیں بڑھتے کورونا کیسز کے باعث ضلعی انتظامیہ نے دفعہ 144 کے تحت شہریوں کے لئے ماسک لازمی قرار دے دیا ہے۔ بغیر ماسک گھومنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

پشاور اور سوات سمیت خیبرپختونخوا کے سولہ اضلاع میں کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظرخیبرپختونخوا میں کھیلوں، ثقافتی اور مذہبی انڈور و آئوٹ ڈور سرگرمیوں پربھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔