Friday, April 26, 2024

ملک بھر میں کورونا ویکسی نیشن کا دوسرا مرحلہ شروع

ملک بھر میں کورونا ویکسی نیشن کا دوسرا مرحلہ شروع
March 10, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) ملک بھر میں کورونا ویکسی نیشن کا دوسرا مرحلہ شروع ہو گیا۔ ساٹھ سال اور زائد عمر کے بزرگوں کو ویکسین لگانے کا عمل جاری ہے۔

ادھر کورونا ایک اور مسیحا کی جان لے گیا۔ چارسدہ ڈی ایچ کیو کے ڈاکٹر عزت خان کورونا کے باعث جاں بحق ہو گئے۔ ایک روز میں 43 مریضوں نے دم توڑا۔ ایک ہزار 786 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گذشتہ روز کورونا کے 1 ہزار 786 نئے کیسز سامنے آئے جبکہ 43 افراد جان کی بازی ہارگئے جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 13 ہزار 324 تک پہنچ گئی۔ ملک بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 5 لاکھ 95 ہزار 239 تک پہنچ گئی ۔ سندھ میں 2 لاکھ 60 ہزار 150 ، پنجاب میں 1 لاکھ 79 ہزار 654 ، کے پی کے میں 74 ہزار 433 ، بلوچستان میں 19 ہزار 141 ، اسلام آباد میں 46 ہزار 229 ، آزاد جموں و کشمیر میں 10 ہزار 673 اور گلگت بلتستان میں 4 ہزار 959 مریض ہیں ۔

این سی او سی حکام کا کہنا ہے کہ کورونا کو شکست دینے والوں کی شرح بڑھنے لگی ۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا سے صحت یاب ہونے والوں کی شرح 95 فیصد رہی ۔ اب تک 5 لاکھ 65 ہزار 216 مریض صحتیاب ہو چکے ہیں ۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں ایکٹو کیسز کی تعداد 16 ہزار 699 ہے ۔ سندھ میں 4 ہزار 177 ، پنجاب 6 ہزار 756 ، کے پی کے میں 2 ہزار 462 ، اسلام آباد 2 ہزار 473 ، گلگت بلتستان 3 ، بلوچستان 97 اور آزاد کشمیر میں کورونا کے 731 فعال کیسز ہیں ۔ گذشتہ 24 گھنٹوں میں 39 ہزار 425 افراد کے کورونا ٹیسٹ کیے گئے ۔ ملک بھر میں اب تک 93 لاکھ 18 ہزار 38 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں ۔