Friday, April 19, 2024

ملک بھر میں کورونا وائرس نے مزید چوراسی زندگیاں نگل لیں

ملک بھر میں کورونا وائرس نے مزید چوراسی زندگیاں نگل لیں
December 23, 2020

اسلام آباد (92 نیوز) پاکستان میں کورونا کی دوسری لہر برقرار ہے۔ کورونا وائرس نے مزید چوراسی زندگیاں نگل لیں۔ اموات کی مجموعی تعداد نو ہزار پانچ سو ستاون ہو گئی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گذشتہ روز کورونا کے 2 ہزار 142 نئے کیسز سامنے آئے جبکہ 84 افراد جان کی بازی ہارگئے جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 9 ہزار 557 تک پہنچ گئی۔ ملک بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 4 لاکھ 62 ہزار 814 تک پہنچ گئی۔ سندھ میں 2 لاکھ 6 ہزار 489 ، پنجاب میں 1 لاکھ 33 ہزار 179 ، کے پی کے میں 55 ہزار 811 ، بلوچستان میں 17 ہزار 980 ، اسلام آباد میں 36 ہزار 483 ، آزاد جموں و کشمیر میں 8 ہزار 40 اور گلگت بلتستان میں4 ہزار 832 مریض ہیں۔

این سی او سی حکام کا کہنا ہے کہ کورونا کو شکست دینے والوں کی شرح بڑھنے لگی۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا سے صحت یاب ہونے والوں کی شرح 89.7 فیصد رہی۔ اب تک 4 لاکھ 15 ہزار 352 مریض صحتیاب ہو چکے ہیں۔

ملک بھر میں ایکٹو کیسز کی تعداد 37 ہزار 905 ہے۔ سندھ میں 18 ہزار 918 ، پنجاب 8 ہزار 335 ، کے پی کے میں 4 ہزار 508 ، اسلام آباد 4 ہزار 969 ، گلگت بلتستان 94 ، بلوچستان 324 اور آزاد کشمیر میں 757 ایکٹو کیسز ہیں۔ ملک بھر میں اب تک 64 لاکھ 6 ہزار 281 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔