Friday, May 17, 2024

ملک بھر میں کورونا وائرس مزید 11 افراد کی جان لے گیا

ملک بھر میں کورونا وائرس مزید 11 افراد کی جان لے گیا
November 3, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس مزید 11 افراد کی جان لے گیا۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے تازہ اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے 561 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے۔ 43 ہزار 914 ٹیسٹ کیے گئے جبکہ مثبت کیسوں کی شرح 1.27 فیصد رہی۔ ملک بھر میں اب تک 1313 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر پنجاب کے موئثر اقدامات کے باعث صوبہ میں کورونا وائرس کے کیسز کا گراف گرنے لگا۔ کورونا کیسز میں مزید کمی لانے کیلئے مختلف سیکٹرز کے لئے اسپیشل ایس او پیز جاری کر دیئے گئے ہیں۔

سیکرٹری محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر عمران سکندر بلوچ کے مطابق تمام شہری خاص طور پر کورونا کی مکمل احتیاط کو یقینی بنائیں۔ ہم صرف ویکسی نیشن اور احتیاط کے ذریعے ہی کورونا وائرس کی وباء پر قابو پا سکتے ہیں۔ 12 سال سے زائد عمر کے تمام افراد کو ویکسین لگانے کی پوری کوشش کر رہے ہیں۔ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبہ بھر سے کورونا کے 164 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ صوبہ بھر میں کورونا کے کیسز کی کل تعداد 440,552 ہو گئی ہے۔ اب تک صوبہ بھر میں 420,432 مریض سرکاری ہسپتالوں سےعلاج کے بعد مکمل صحت یاب ہو کر اپنے گھروں کو واپس جا چکے ہیں۔

عمران سکندر بلوچ کا کہنا ہے صوبہ بھر میں کورونا کےایکٹو کیسز کی کل تعداد 7,194 ہو گئی ہے۔ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران صوبہ بھر میں کورونا کے باعث 5 شہری جان کی بازی ہار گئے۔ صوبہ بھر میں کورونا کے باعث اموات کی کل تعداد 12,926 ہو چکی ہے۔ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 15,664 تشخیصی ٹیسٹ کئے گئے ہیں۔