Saturday, April 20, 2024

ملک بھر میں کورونا سے مزید 13 افراد جان کی بازی ہار گئے

ملک بھر میں کورونا سے مزید 13 افراد جان کی بازی ہار گئے
October 27, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) ملک بھر میں کورونا وائرس سے مزید 13 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

 این سی او سی کے مطابق چوبیس گھنٹوں کے دوران 516 نئے کیس رپورٹ ہوئے۔ مثبت کیسز کی شرح 1.34 فیصد رہی۔ ایک روز میں 38 ہزار 340 ٹیسٹ کیے گئے۔ کورونا سے مجموعی اموات 28 ہزار 405 ہو گئیں۔ مجموعی کیسز بھی 12 لاکھ 70 ہزار 322 تک پہنچ گئے۔

 ادھر محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے مؤثر اقدامات کے باعث پنجاب میں کورونا وائرس کے کیسز میں واضح کمی ہو گئی۔ کورونا کیسز میں مزید کمی لانے کیلئے مختلف سیکٹرز کے لئے اسپیشل ایس او پیز جاری کر دیئے گئے ہیں۔

سیکرٹری محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر عمران سکندر بلوچ کا کہنا ہے تمام شہری خاص طور پر کورونا کی مکمل احتیاط کو یقینی بنائیں۔ ہم صرف ویکسی نیشن کے ذریعے ہی کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روک سکتے ہیں۔ 12 سال سے زائد عمر کے تمام افراد کو ویکسین لگانے کی پوری کوشش کر رہے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبہ بھر سے کورونا کے 143 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ صوبہ بھر میں کورونا کے کیسز کی کل تعداد 439,460 ہو گئی ہے۔ اب تک صوبہ بھر میں 418,959 مریض علاج کے بعد مکمل صحت یاب ہو کر اپنے گھروں کو واپس جا چکے ہیں۔

عمران سکندر بلوچ نے کہا صوبہ بھر میں کورونا کے ایکٹو کیسز کی کل تعداد 7٫602 ہو گئی ہے۔ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران صوبہ بھر میں کورونا کے باعث 4 شہری جان کی بازی ہار گئے۔ گزشتہ روز ہلاک ہونے والے 2 افراد کا تعلق لاہور سے ہے۔ صوبہ بھر میں کورونا کے باعث اموات کی کل تعداد 12,899 ہو چکی ہے۔ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 12,137 تشخیصی ٹیسٹ کئے گئے ہیں۔ صوبہ بھر میں کورونا کے اب تک مجموعی طور 7,853,236 تشخیصی ٹیسٹ کئےجا چکے ہیں۔