Friday, April 26, 2024

ملک بھر میں کورونا سے متاثر 119 افراد جان کی بازی ہار گئے

ملک بھر میں کورونا سے متاثر 119 افراد جان کی بازی ہار گئے
June 21, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) پاکستان کورونا کا گڑھ بننے لگا، ملک بھر میں مزید 119 متاثرہ افراد جان کی بازی ہار گئے۔ اموات کی مجموعی تعداد 3 ہزار 501 ہوگئی۔ کورونا کے کل کیسز ایک لاکھ 76 ہزار 617 تک جاپہنچے۔ اب تک 67 ہزار 892 مریضوں نے جان لیوا وائرس کو شکست دی ہے۔ پاکستان میں کورونا وائرس کے وار جاری ہیں۔ 24 گھنٹوں میں کورونا نے مزید 119 زندگیوں کے چراغ گل کر دیئے، ملک بھر میں کورونا سے اموات کی تعداد 3501 ہوگئی۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے نئے اعدادوشمار کے مطابق 24 گھنٹوں میں مزید 4951 کیسز ریکارڈ کیے گئے جس کے بعد ملک بھر میں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 76 ہزار 617 ہوگئی، سندھ میں کورونا کیسز 67 ہزار 353، پنجاب میں 65 ہزار 739، خیبر پختونخوا میں 21444، بلوچستان میں 9328، اسلام آباد میں 10662، گلگت بلتستان میں 1278 اور آزاد کشمیر میں 813 ہوگئے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کا کہنا ہے کہ  پنجاب میں کورونا سے اموات کی تعداد 1407 ہوگئی، سندھ میں 1048، خیبر پختونخوا میں 808، بلوچستان میں 100 ، اسلام آباد میں 98، گلگت بلتستان میں 21 اور آزاد کشمیر میں 19 اموات ریکارڈ کی گئیں۔ ترجمان کے مطابق ملک بھرمیں 24 گھنٹوں میں 28 ہزار855 کورونا کے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 1 لاکھ 71 ہزار 642 کورونا ٹیسٹ کئے جا چکے ہیں۔ملک بھر میں 810 اسپتالوں میں کورونا کے 6619 مریض زیر علاج ہیں، اب تک کورونا کے متاثرہ 67 ہزار 892 مریض صحتیاب ہوگئے۔