Tuesday, May 21, 2024

ملک بھر میں ڈینگی بے قابو ، مریض بڑھنے لگے

ملک بھر میں ڈینگی بے قابو ، مریض بڑھنے لگے
October 3, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) ملک بھر میں ڈینگی بے قابو ہو گیا جس کے باعث مریضوں کی تعداد میں روز بروز  اضافہ ہونے لگا ، حکومتی اقدامات  مچھر کو روکنے  میں ناکام دکھائی دینے لگے ۔ ڈینگی مچھر کے قاتلانہ وار جاری ہیں ، ملک بھر میں ڈینگی بے قابو ہونے سے مریضوں کی تعداد بڑھنے لگی ، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب  میں  197 نئے مریض سامنے آئے ،  پنجاب میں رواں سال کل مریضوں کی تعداد 4ہزار 356 ہوگئی، فیصل آبادکے اسپتالوں میں زیر علاج مزید 3 مریضوں میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، رواں سال تعداد 97 ہوگئی۔ جنوبی پنجاب بھی ڈینگی کے وار سے محفوظ نہیں، نشتر اسپتال ملتان میں لائے گئے 7 نئے مریضوں میں سے 3 میں ڈینگی بخار کی تصدیق ہوگئی ، گوجرانوالہ میں دو نئے کیسز کے بعد ڈینگی میں مبتلا مریضوں کی تعداد 21 تک پہنچ گئی ہے۔ خیبر پختونخوا میں ڈینگی وائرس تشویشناک صورتحال اختیار کئے ہوئے ہے، چوبیس گھنٹوں کے دوران 108 نئے کیسز کے بعد صوبہ بھر میں مریضوں کی تعداد  تین ہزار9 سو 67 ہوگئی ہے۔ مینگورہ میں ڈینگی سے متاثرہ افراد کی تعداد 359 ہوگئی، سیدو شریف اسپتال میں ڈینگی کے 11 مریض زیر علاج  ہیں۔ بلوچستان میں بھی ڈینگی کا وائرس پھیلتا ہی جارہاہے، رواں سال بلوچستان بھر میں ڈینگی کیسز کی تعداد2ہزار 823تک پہنچ گئی، ضلع کیج میں ڈینگی مچھر 3افراد کی جان بھی لے چکاہے،صوبائی محکمہ صحت کے مطابق متاثرہ اضلاع میں ڈینگی کے تدارک کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔