Friday, March 29, 2024

ملک بھر میں چہلم شہدائے کربلا عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے

ملک بھر میں چہلم شہدائے کربلا عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے
November 21, 2016

لاہور (92نیوز) ملک بھر میں شہدائے کربلا کا چہلم منایا جا رہا ہے۔ کراچی، لاہور، راولپنڈی، ملتان اور پشاور سمیت تمام چھوٹے بڑے شہروں میں جلوس مقررہ راستوں پر رواں دواں ہیں جبکہ سکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ کراچی اور کوئٹہ میں ڈبل سواری پر پابندی ہے۔

تفصیلات کے مطابق چہلم امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے جلوسوں میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ کراچی اور کوئٹہ میں موٹر سائیکل پر ڈبل سواری ممنوع قرار دی گئی ہے جبکہ کوئٹہ میں بھی سکیورٹی ریڈ الرٹ ہے۔ سندھ کے کئی شہروں میں جلوسوں کے راستوں پر موبائل فون سروس بند ہے۔

سندھ میں سکھر، حیدرآباد، گھوٹکی، خیرپور سمیت دیگر شہروں میں بھی جلوس نکالے گئے جہاں سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔

اسی طرح بھکر، ڈیرہ غازی خان، حافظ آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جیکب آباد، گوجرانوالہ، ساہیوال، ملتان سمیت دیگر شہروں میں بھی جلوسوں کے راستوں میں سکیورٹی سخت ہے اور موبائل فون سروس معطل رکھی گئی ہے۔ کئی شہروں میں موبائل فون سروس رات دس بجے تک بند رہے گی۔