Wednesday, April 24, 2024

ملک بھر میں پلانٹ فار پاکستان مہم کا آغاز ہو گیا

ملک بھر میں پلانٹ فار پاکستان مہم کا آغاز ہو گیا
September 2, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) ملک بھر میں پلانٹ فار پاکستان مہم کا آغاز ہو گیا۔اس مہم کے تحت سرکاری مقامات کے علاوہ شہر بر کے مختلف مقامات پر  ایک ہزار سے زائد درخت لگائے جائیں گے اور ضلع قلعہ عبداللہ کے عوام میں بھی درخت تقسیم کیے جائیں گے۔ شجر کاری مہم کا افتتاح اسسٹنٹ کمشنر میر باز مری نے ڈی آفس میں درخت لگا کر کیا جس میں مختلف سرکاری آفیسران اور قبائل نے شرکت کی۔اس موقع پر فارسٹ آفسر سید اچکزئی نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے شجر کاری مہم کے تحت ڈسٹرکٹ میں مزید بھی درخت لگائے جائیں گے۔ پلانٹ فار پاکستان مہم میں حصہ لیتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے ہری پور میں پودا لگایا ۔  وزیراعلیٰ بلوچستان نے وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ اور پنجاب رینجرز نے پاک انڈیا بارڈر کے قریب درخت لگائے۔ شیخ رشید نے بھی اسلام آباد ایکسپریس وے پر پودا لگایا۔ شہر شہر بچے ، بڑے سبھی پودے لگانے میں مصروف ہیں۔ وفاق اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے پودوں کی مفت تقسیم کی گئی۔  آج پندرہ لاکھ پودے لگائے جائیں گے۔ دوسری طرف پشاور کو سرسبز و شاداب اور اس ایک بار پھر پھولوں کا شہر بنانے کے لئے شجر کاری مہم بھر پورانداز سے شروع کی گئی۔ بچوں کو مہم میں شریک کرنے اور شجر کاری کی اہمیت اجاگر کرنے کے لئے سرکاری سکولوں کی چھٹی منسوخ کر دی گئی۔ بچوں نے سکولوں اور آس پاس کے علاقوں میں پودے لگا کر اس مہم میں پڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ شجرکاری مہم کے دوران پشاور میں 2 لاکھ پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ ہر سکول کے بچوں کو 500  پودے مفت دیئے گئے۔ وزیر جنگلات خیبر پختونخوا اشتیاق ارمڑ نے فارسٹ انسٹی ٹیوٹ میں پودا لگا کر شجر کاری مہم  میں حصہ لیا۔ صوبہ بھر میں 41  ایسے نئے مقامات  کی نشاندہی کی گئی ہے جہاں موسم اور آب وہوا کے مطابق لاکھوں پودے لگائے جائیں گے۔