Friday, April 26, 2024

ملک بھر میں پرویز مشرف کے حق میں ریلیوں کا سلسلہ جاری

ملک بھر میں پرویز مشرف کے حق میں ریلیوں کا سلسلہ جاری
December 20, 2019
اسلام آباد (92 نیوز) ملک بھر میں پرویز مشرف کے حق میں ریلیوں کا سلسلہ جاری ہے، اسلام آباد، فیصل آباد اور ملتان سمیت مختلف شہروں میں سابق صدر کے حق میں بینرز بھی لگ گئے۔ پرویزمشرف کے حق میں ریلیاں جاری ہیں، اسلام آباد اورفیصل آباد سمیت مختلف شہروں میں سابق صدر کے حق میں بینرز جبکہ راولپنڈی میں شہریوں نے کمرشل مارکیٹ سے چاندنی چوک تک ریلی نکالی، پاک فوج زندہ باد کے نعرے لگائے۔ اسلام آباد کی سڑکوں پر پرویز مشرف کی حمایت میں بینرز لگ گئے، پرویز مشرف کی تصویر کے ساتھ سب سے پہلے پاکستان کا نعرہ اور دیگر الفاظ درج ہیں، ڈی چوک تک شہریوں کی بڑی تعداد نے ریلی بھی نکالی۔ فیصل آباد کی شاہراہوں پر پرویز مشرف کے حق میں بینرز آویزاں کئے گئے، ملتان میں بھی بینرز لگائے گئے جن پر پرویز مشرف کی قومی خدمات کا ذکر کیا گیا، دیگر شہروں میں بھی شہریوں نے بینرز لگا کر اظہار یکجہتی کیا۔ سکردو میں جامع مسجد چوک سے یادگار شہداء تک ریلی نکالی گئی، سردی کے باوجود لوگوں کی کثیر تعداد شریک ہوئی، سرگودھا میں خواجہ سرا پرویز مشرف کے حق میں باہر نکل آئے، آزاد روڈ پر پرویز مشرف کے حق میں ریلی نکالی۔ رحیم یار خان میں پرویز مشرف کے حق میں ریلی نکالی گئی،بہاولنگر میں انجمن تاجران کے زیراہتمام ریلی نکالی گئی، چیچہ وطنی میں تیسرے دن بھی پاکستان سول سوسائٹی کے زیر اہتمام ریلی میں شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ پشاور، اوکاڑہ، پاکپتن، جھنگ، صادق آباد، میرپور آزاد کشمیر میں لوگ سڑکوں پر نکلے، شرکاء کے پرویز مشرف کے حق میں نعرے لگائے، پشاور میں آل پاکستان مسلم لیگ کے کارکنوں کی بڑی تعداد بھی باہر نکلی۔ بدین، کرک، چنیوٹ، میانوالی، کندھکوٹ، کشمور اور دیگر شہروں میں بھی شہریوں کی بڑی تعداد پرویز مشرف کے حق میں سردی کے باوجود گھروں سے باہر نکل آئی اور نعرے بازی کی، گوجرانوالہ میں وکلاء نے ریلی نکالی۔