Sunday, May 19, 2024

ملک بھر میں پانی کے بحران نے سر اٹھالیا، پنجاب کا نہریں بند کرنے کا فیصلہ

ملک بھر میں پانی کے بحران نے سر اٹھالیا، پنجاب کا نہریں بند کرنے کا فیصلہ
October 16, 2017

اسلام آباد ( 92 نیوز )ملک بھرمیں پانی کے بحران نےسراٹھا لیا۔ پنجاب نے آبپاشی کےلئے تمام نہریں بند کرنے کا فیصلہ کرلیا ۔ گریٹر تھل کینال کے علاوہ دوامی اور غیر دوامی نہروں کا پانی آج سے روک دیا جائے گا۔
بارشوں میں کمی کے باعثپانی کا بحران سنگین صورتحال اختیار کر گیا ۔ صوبوں نے گندم کی فصل کو بچانے کےلئے ایمرجنسی پلان پر عملدرآمد شروع کردیا۔
ذرائع کے مطابق صوبہ پنجاب نے آبپاشی کیلئے تمام نہریں بند کرنے کا فیصلہ کر لیاہے ۔ گریٹر تھل کینال کے علاوہ پنجاب کی دوامی اور غیر دوامی نہریں آج سے بند کر دی جائینگی جو 16نومبر تک بند رہیں گی ۔ پنجاب کو 6ہزار کیوسک ، سندھ کو40ہزار ، بلوچستان کو5ہزار اور خیبرپختونخوا کو 3ہزار کیوسک پانی فراہم کیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب ڈیموں میں پانی کا ذخیرہ خطرناک حد تک کم ہو گیاہے ۔ ملک بھر میں پانی کا ذخیرہ صرف50لاکھ ایکڑ فٹ رہ گیا ۔ پانی محفوظ کرنے کےلئے تربیلا اور منگلا ڈیم سے پانی کا اخراج کم کر دیاگیا ہے ۔
تربیلا ڈیم سے پانی کا اخراج 40ہزار اور منگلا ڈیم سے 30ہزار کیوسک ہے ۔
ذرائع کے مطابق پانی کے اخراج میں کمی سے تربیلا ڈیم میں بجلی پیدا کرنے والے4 یونٹ بھی بند ہیں ۔ جس کے بعد تربیلا ڈیم سے بجلی کی پیداوار کم ہو کر 1ہزار302 میگاواٹ رہ گئی ہے۔