Friday, April 19, 2024

ملک بھر میں ٹڈی دل کے خلاف آپریشن جاری ہے ، ترجمان این ڈی ایم اے

ملک بھر میں ٹڈی دل کے خلاف آپریشن جاری ہے ، ترجمان این ڈی ایم اے
June 12, 2020
 اسلام آباد (92 نیوز) ترجمان این ڈی ایم اے نے کہا ملک بھر میں ٹڈی دل کے خلاف آپریشن جاری ہے۔ اس وقت ملک کے 52 اضلاع میں ٹڈی دل موجود ہے۔ ترجمان این ڈی ایم اے کا کہنا ہے بلوچستان کے 33، خیبر پختونخواہ کے 11، پنجاب کے 2 اور سندھ کے 6 اضلاع ٹڈی دل سے متاثر ہوئے۔ بلوچستان میں خضدار، آواران، نوشکی، چاغی، گوادر، اتھل، کیچ، پنجگور، خاران، وشک اور کوئٹہ کے علاوہ دیگر اضلاع بھی متاثر ہوئے۔ کے پی میں ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک، شمالی و جنوبی وزیرستان، لکی مروت، کرک، کرم، نوشہرہ ، اورکزئی، پشاور اور خیبر کے اضلاع متاثر ہوئے۔ ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق سندھ میں خیر پور ، سانگھڑ، سکھر،  شہید بے نظیر آباد، مٹیاری اور جامشورو میں ٹڈی دل نے حملے کیئے۔ پنجاب میں مظفر گڑھ اور ڈیرہ غازی خان میں ٹڈی دل کی رپورٹ آئی ہیں۔ ٹڈی دل کے متاثرہ علاقوں کا سروے اور کنٹرول آپریشن جاری ہے۔ 1241 ٹیموں نے لوکسٹ کنڑول آپریشن میں حصہ لیا۔ گذشتہ 24 گھنٹوں میں 3 لاکھ 52 ہزار ہیکٹر رقبہ کا سروے ہوا۔ 24 گھنٹوں میں 11 ہزار 730 ہیکٹر رقبہ پر ٹڈی دل کو تلف کرنے والی ادویات کا اسپرے کیا گیا۔ ترجمان این ڈی ایم اے کا کہنا ہے بلوچسستان میں 9 ہزار 100 ہیکٹر رقبہ پر اسپرے کیا گیا۔ خیبر پختونخواہ میں 1400 ہیکٹر رقبہ کی ٹریٹمنٹ ہوئی۔ پنجاب میں 300 ہیکٹر رقبہ پر اسپرے ہوا۔ سندھ میں گذشتہ روز 1200 ہیکٹر رقبہ ٹریٹمنٹ کیا گیا۔ اب تک پورے ملک میں 5 لاکھ 90 ہزار ہیکٹر رقبہ پر سپرے کیا جا چکا ہے۔ پشین میں 500 اور سکھر میں 400 ہیکٹر رقبہ پر ہوائی جہاز کے ذریعے کیمیائی اسپرے کیا گیا۔