Friday, May 3, 2024

ملک بھر میں نویں محرم کے جلوس رواں دواں، مجالس جاری، سکیورٹی کے سخت انتظامات

ملک بھر میں نویں محرم کے جلوس رواں دواں، مجالس جاری، سکیورٹی کے سخت انتظامات
August 29, 2020
لاہور (92 نیوز) خانوادہ رسول ﷺ کی عظیم قربانی کی یاد میں ملک بھر میں نویں محرم کے جلوس برآمد، روایتی راستوں پر ہوتے ہوئے اپنی منزل پر اختتام پذیر ہوں گے۔ عزا داروں نے سینہ کوبی اور نوحہ خوانی کی اور نوسہ رسولﷺ کو پرسہ دیا۔ نواسہ رسول ﷺ اور ان کے ساتھیوں کی شہادت کا غم، ملک بھر میں نویں محرم کے جلوس رواں دواں اور مجالس جاری ہیں۔ لاہور میں مرکزی جلوس پانڈو اسٹریٹ سے برآمد ہوا، مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا پانڈو اسٹریٹ میں ہی اختتام پذیر ہوگا۔ کراچی میں نشترپارک سے برآمد ہونے والا مرکزی جلوس بھی اپنی منزل حسینیہ ایرانیاں امام بارگاہ کھارادر پر پہنچ کر ختم ہوگا۔ اسلام آباد میں امام بارگاہ اثناعشری سے جی سکس سے 9 ویں محرم کا مرکزی جلوس برآمد ہوا، پشاور میں بھی مرکزی جلوس امام بارگاہ حسینیہ ہال صدر سے برآمد ہوا، ملتان میں مرکزی ماتمی جلوس امام بارگاہ ممتاز آباد سے نکالا گیا۔ فیصل آباد، گوجرانوالہ، روہڑ ی اور حیدر آباد سمیت تمام چھوٹے بڑے شہروں میں نویں محرم الحرام کے جلوس نکالے گئے، جس میں عزاداروں نےغم حسینؑ میں سینہ کوبی اور زنجیر زنی کی اور حضرت امام حسین ؑ اور اہل بیت کو پرسہ پیش کیا۔ دوسری طرف نویں محرم پر اسلام آباد، لاہور اور کراچی سمیت ملک بھر میں سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے، جلوس اور مجالس کی سی سی ٹی وی کیمروں سے نگرانی کی گئی، جب کہ عمارتوں پر اسنائپر بھی تعینات کیے گئے، بیشترشہروں میں موبائل فون سروس بھی جزوی طورپر بند ہے۔