Friday, May 10, 2024

ملک بھر میں 9ویں محرم الحرام کی مناسبت سے مجالس اور جلوسوں کا اہتمام کیا گیا

ملک بھر میں 9ویں محرم الحرام کی مناسبت سے مجالس اور جلوسوں کا اہتمام کیا گیا
September 9, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں 9ویں محرم الحرام کی مناسبت سے مجالس اور جلوسوں کو اہتمام کیا گیا ،جلسوں کی سکیورٹی کیلئے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے۔ گلگت میں نویں محرم الحرام کا مرکزی جلوس قدیمی امام بارگاہ قاسم پورہ سے برآمد ہوا  اور اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا  منزل مقصود پر جا کر اختتام پذیر ہو گیا۔ سکردو میں نویں محرم کا جلوس امام بارگاہ سندوس سے برآمد ہوا اور مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ عیدگاہ کالونی میں اختتام پذیر ہوا۔ منڈی بہاؤالدین میں نویں محرم الحرام کا مرکزی جلوس پیر بگھے شاہ کی حویلی سے برآمد ہوا ، اس موقع پر سکیورٹی ہائی الرٹ رہی اور داخلی و خارجی راستوں کو سیل کر دیا گیا۔ بھکر میں ضلع بھر میں 156 مجالس اور 62 جلوس برآمد ہوئے جن کی سکیورٹی کیلئے سخت انتظامات کیے گئے  تھے۔ ڈیرہ غازی خان میں بھی مختلف علاقوں سےجلوس برآمد ہوئے۔مجالس کے حفاظت کے لیے سخت سکیورٹی ترتیب دی گئی۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں ماتمی جلوس کی ہیلی کاپٹر کے ذریعے نگرانی کی گئی جب کہ مظفرگڑھ میں ضلع بھر میں کل 101 جلوس و مجالس پروگرامز کا انعقاد کیا گیا۔ نارووال میں نویں محرم الحرام کا مرکزی جلوس گلستان زہرا پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔ کراچی، اسلام آباد، کوئٹہ، ڈی آئی خان، بہاولپور، حیدرآباد سمیت حساس شہروں میں موبائل فون سروس جزوی معطل  کی گئی ۔ لاہور سمیت کئی مقامات پر آج اور کل کیلئے موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر بھی پابندی  ہے جب کہ جلوسوں کے راستوں پر پولیس، رینجرز، ایف سی، ٹریفک پولیس اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کے جوان تعینات، کیمروں کے ذریعے مانیٹرنگ بھی جاری ہے ۔