Thursday, April 18, 2024

ملک بھر میں موسم سرما کی پہلی بارش، چہرے کھل اٹھے

ملک بھر میں موسم سرما کی پہلی بارش، چہرے کھل اٹھے
January 3, 2017

لاہور / پشاور (92نیوز) طویل انتظار کے بعد بالآخر ابرکرم برس پڑا۔ آزاد کشمیر، چترال، سوات، پشاور، مانسہرہ، چارسدہ اور میدانی علاقوں میں بارش، ملکہ کوہسار مری میں برفباری، لواری ٹاپ بند، چترال کا زمینی رابطہ منقطع، اسلام آباد، فیصل آباد اور لاہورمیں ہلکی بارش سے موسم سرد ہو گیا۔

تفصیلات کے مطابق نیا سال موسم سرما کی پہلی بارش ساتھ لے آیا۔ وفاقی دارالحکومت سمیت پنجاب، خیبرپختونخوا، آزادکشمیر سمیت ملک بھر میں بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ اسلام آباد، فیصل آباد، پنڈدادن خان، اٹک، پشاور، چارسدہ، مانسہرہ اور سوات میں بھی بادل برس پڑے۔

بارش کےباعث خشک سردی ختم اورٹھنڈ بڑھ گئی جبکہ بارش سے میدانی علاقوں سے دھند چھٹنا شروع ہوگئی۔ لاہور میں بھی بوندا باندی سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ قلعہ گوجر سنگھ، نولکھا، لکشمی چوک، نسبت روڈ، گوالمنڈی، بھاٹی، لوہاری، دھرم پورہ، زمان پارک، میوگارڈن، ڈیوس روڈ، شملہ پہاڑی، گڑھی شاہو، جیل روڈ، گلبرگ، شادمان، کینال روڈ، مسلم ٹاؤن کے علاقوں میں بوندا باندی سے خشک سردی کا خاتمہ اور موسم خوشگوار ہو گیا۔

فیصل آباد کے مختلف علاقوں میں ہلکی بونداباندی سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔ مری میں بھی ہلکی برف باری سے سردی کی شدت بڑھ گئی۔ اٹک، کوٹلی ستیاں، چنیوٹ میں بھی موسم سرما کی پہلی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ پشاور اور مانسہرہ میں بھی ہلکی بارش کے بعد شہریوں کے چہرے کھل اٹھے۔ چارسدہ میں طویل خشک سالی کے بعد موسم سرما کی پہلی بارش سے  لوگوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔

پنڈدادن خان شہر اورگر دو نواح میں بھی بوندا باندی ہو رہی ہے۔ مالاکنڈ میں  بٹ خیلہ شہر اور تحصیل در گئی میں موسلادھار بارش نے جل تھل ایک کر دیا۔ سردی کے باعث شہر کے بازاروں میں لوگوں کا رش انتہائی کم ہے۔ ادھر دیربالا اور گردونواح میں پہاڑوں نے برف باری کی سفید چادر اوڑھ لی۔ لواری ٹاپ کو برف باری کے باعث ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا جبکہ چترال سے زمینی راستہ بھی بند ہے۔

صوابی اور مہمند ایجنسی  میں بھی بوندا باندی جاری ہے۔ ہلکی بارش سے فضا میں موجود گردوغبار بھی چھٹ گیا ہے۔ سوات میں گزشتہ رات سے شہری علاقوں میں بارش اور پہاڑی علاقوں پر برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔ پہاڑوں نے سفید چا در اوڑھ لی ہے جس کی وجہ سے سوات کی خوبصورتی میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔