Friday, April 19, 2024

ملک بھر میں لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کا سلسلہ جاری

ملک بھر میں لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کا سلسلہ جاری
March 30, 2020

لاہور ( 92 نیوز) ملک بھر میں لاک ڈاؤن جاری ہے، کئی مقامات پر پولیس کو سختی بھی کرنا پڑ رہی ہے  جبکہ خلاف ورزیاں بھی نہیں رک رہیں، کہیں نوجوان کرکٹ کھیلنے کیلئے جمع ہوئے تو کہیں بینکوں کے باہر لمبی لائنیں لگ گئیں۔

ملک بھر میں کورونا کی روک تھام کیلئے لاک ڈاؤن ہے ،  اشیائے خورونوش کے سوا ہر قسم کی دکانیں اور مارکیٹیں بند ہیں ،  کراچی سمیت سندھ میں شہریوں کو گھروں تک محدود رکھنے کیلئے پولیس اور رینجرز نے ناکے بھی لگائے۔

لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں پولیس نے ناکے لگاکر شہریوں کو گھر تک محدود رکھنے کی کوشش کی جبکہ بلوچستان اور کے پی میں بھی لاک ڈاؤن کی پابندی کرانے کی کوشش کی گئی، کےپی میں بین الاضلاعی ٹرانسپورٹ بند رہی۔

کراچی میں سخت انتظامات دیکھنے میں آ رہے ہیں لیکن بڑے سپراسٹور پر شہریوں کا ہجوم لگ گیا، شہریوں نے احتیاطی تدابیر بھی اختیار نہیں کیں، شہر کے گلی محلوں میں شہریوں نے بیٹھک لگائی اور نوجوان کرکٹ کھیلتے دکھائی دیے ۔

لاہور میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن کے حصول کیلئے بینکوں کے باہر لمبی قطاریں لگ گئیں لیکن روکنے کیلئے پولیس موجود تھی نہ ہی بینک انتظامیہ شہریوں کو اس عمل سے باز رکھ سکی۔

کے پی میں انسداد کورونا تدابیر کی مسلسل خلاف ورزیاں جاری ہیں، پشاور کے رنگ روڈ اور کوہاٹ روڈ پر نہ صرف کچھ دکانیں کھلی رہیں بلکہ آٹے کے حصول کےلئے بھی شہریوں کا ہجوم لگا رہا۔

چارسدہ، بنوں اور دیگر اضلاع میں تنخواہ اور پنشن کے حصول کےلئے لوگ امڈ آئے اور انسداد کورونا اقدامات کو پائوں تلے روند ڈالا، شہری دفعہ ایک سوچوالیس کی دھجیاں اڑاتےرہے لیکن پولیس اور انتظامیہ غائب رہی۔