Sunday, September 8, 2024

ملک بھر میں عیدالفطر مذہبی جوش و خروش سے منائی جا رہی ہے

ملک بھر میں عیدالفطر مذہبی جوش و خروش سے منائی جا رہی ہے
July 6, 2016
لاہور (92نیوز) ملک بھر میں آج عیدالفطر مذہبی جوش و خروش سے منائی جا رہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں عیدالفطر کی نماز کے بڑے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے۔ مسلمانوں نے ملکی ترقی و خوشحالی کیلئے خوب دعائیں کیں۔ اسلام آباد میں عیدالفطر کا سب سے بڑا اجتماع فیصل مسجد میں ہوا جہاں صدر مملکت ممنون حسین سمیت غیرملکی سفارتکاروں نے عیدالفطر کی نماز ادا کی۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف‘ گورنر پنجاب رفیق رجوانہ‘ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور اکثر صوبائی وزراءنے لاہور میں نماز عید ادا کی۔ لاہور کے موسم نے آج عید کی نماز کے اوقات میں رنگ دکھانا شروع کر دیا اور آسمان پر گہرے سیاہ بادل چھا گئے اور موسلادھار بارش شروع ہو گئی۔ بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا اور روزہ داروں کے چہرے کھل اٹھے۔ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی‘ تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے ملتان میں نماز عید ادا کی۔ ملک بھر میں نماز عید کے اجتماعات میں سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے۔ عید کی نمازوں کے بعد بچے بڑے خوشی سے ایک دوسرے سے بغل گیر ہو گئے اور ملک میں خوشیوں بھرے دن کا آغاز ہو گیا۔ موسم خوشگوار ہونے سے بچوں اور فیملیز نے پارکوں اور تفریح گاہوں کا رخ کر لیا۔