Sunday, September 8, 2024

ملک بھر میں عیدالاضحیٰ مذہبی جوش و خروش کے ساتھ منائی جا رہی ہے

ملک بھر میں عیدالاضحیٰ مذہبی جوش و خروش کے ساتھ منائی جا رہی ہے
September 2, 2017

اسلام آباد (92 نیوز) ملک بھر میں عیدالاضحیٰ مذہبی جوش و خروش کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔ مختلف شہروں میں نماز عید کے بڑے بڑے اجتماعات کا اہتمام کیا گیا۔ جہاں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ کروڑوں فرزندان اسلام کی جانب سےسنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے اللہ کی راہ میں جانوروں کی قربانی جاری ہے۔

ملک بھر میں نماز فجر کے بعد نماز عیدالاضحیٰ کے اجتماعات ہوئے ۔ امت مسلمہ کی یکجہتی اور وطن کی سلامتی و خوشحالی کے لیے دعائیں مانگی گئیں ۔جس کے بعد سنت ابراہیمی کی پیروی میں اللہ کی راہ میں جانور قربان کرنے کا سلسلہ جاری ہے ۔

وفاقی دارالحکومت میں نماز عیدالاضحی کا سب سے بڑا اجتماع فیصل مسجد میں ہوا۔ جہاں ملکی سیاسی رہنماؤں اور مسلم ممالک کے سفیروں نے نماز عید ادا کی۔ لاہور میں بادشاہی مسجد، ناصر باغ ، داتا دربار اور مختلف پارکوں میں نماز عید کے بڑے بڑے اجتماعات ہوئے ۔

کراچی میں سبیل والی مسجد میں نماز عیدالاضحی کا بڑا اجتماع ہوا۔ جبکہ پشاور میں بڑی تعداد میں شہریوں نے چارسدہ روڈ عیدگاہ میں نماز عید ادا کی ۔ فیصل آباد میں نماز عید کے 1265 اجتماعات ہوئے۔ سب سےبڑا اجتماع خالدآباد کی مسجد کے پارک میں ہوا جہاں وزیرمملکت عابدشیرعلی نےبھی نمازعیداداکی۔ ملک بھر میں نماز عیدالاضحی کے اجتماعات کے دوران سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے ۔

بھارت اور بنگلہ دیش میں بھی آج عید قرباں منائی جارہی ہے۔ جبکہ سعودی عرب، عرب امارات، خلیجی ممالک، یورپ، امریکا، جاپان، انڈونیشیا اور افغانستان سمیت آج عید کا دوسرا دن ہے۔