Saturday, April 27, 2024

ملک بھر میں عید میلاد النبیؐ منانے کی تیاریاں مکمل ، گلی کوچے جگمگانے اٹھے

ملک بھر میں عید میلاد النبیؐ منانے کی تیاریاں مکمل ، گلی کوچے جگمگانے اٹھے
December 1, 2017

لاہور ، کراچی ، اسلام آباد (92 نیوز) دنیا بھر کی طرح ملک بھر میں جشن عید میلاد النبیؐ منانے کی تیاریاں حتمی مراحل میں داخل ہو چکی ہیں ۔ عاشقان رسول ؐ گلی کوچوں کو سجا کر اور ثناء خوانی سے نبی آخرت الزماں حضرت محمد ﷺ کے یوم ولادت کا جشن منا رہے ہیں ۔


لاہور شہر کو آقائے دو جہاں کے یوم ولادت کے موقع پر دلہن کی طرح سجا دیا گیا ہے جبکہ شمع رسالتؐ کے پروانے شب بیداری اور نکالے جانے والے جلوسوں کے انتظامات کو حتمی شکل دینے میں مصروف ہیں ۔ سرکار دو عالمؐ کے یوم ولادت کے پیش نظر شہر بھر کی مساجد ، سرکاری عمارتوں ، گلی ، کوچوں اور سڑکوں پر شاندار چراغاں کا اہتمام کر کے عقیدت کا اظہار کیا گیا ہے ۔
آقا ﷺ کی آمد کاجشن منانے کیلئے کراچی والوں نے بھرپورتیاریاں کرلیں ۔ شاہ فیصل کالونی بھی بقا نور بنی ہوئی ہے جبکہ شہر میں عمارتیں سجادی گئی ہیں۔ فیضان مدینہ کو روشنیوں سے نہلا دیا گیا ہے اور مختلف تقاریب کا اہتمام بھی کیاجارہاہے۔


کراچی کے علاقے جھاگلہ گلی میں ہر محلہ ،عمارتیں سب ہی برقی قمقموں سےسج گئی ہیں۔ شہری دوردورسےروشنیاں دیکھنے کھارادر پہنچ رہےہیں۔
اولیاء کی سر زمین ملتان سرور کائنات، نور مجسم، رحمت دو جہاںؐ کی آمد کے جشن کے ساتھ ہی جگمگا اٹھی ہے۔ عاشقان رسول ﷺ گھروں کو دلہن کی طرح سجا رہے ہیں جبکہ گلیوں اور بازاروں میں بھی مختلف رنگوں کی روشنی نے سماں باندھ دیا ہے۔ فضائیں درود و سلام کی صداؤں سے گونج رہی ہیں۔
نبی پاک ﷺ کی ولادت کی خوشی میں گھروں کے ساتھ ساتھ سرکاری عمارتوں کو بھی برقی قمقوں سے سجا دیا گیا ہے۔ عاشقان رسول کہتے ہیں کہ عید میلاد النبیؐ کے موقع پر زندگی بھر یونہی چراغاں کرتے رہیں گے۔
امام الانبیاء حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی مدح سرائی کے لئے میلاد کی محافل بھی منعقد کی جا رہی ہیں جس میں علماء کرام نبی پاک ﷺ کی عظمتیں بیان کر رہے ہیں۔


عید میلاد النبیؐ کے سلسلہ میں جہاں بارگاہ رسالتؐ میں گلہائے عقیدت پیش کئے جا رہے ہیں وہیں پر گھروں اور سرکاری عمارتوں کو بھی سجانے کا سلسلہ جاری ہے۔
راولپنڈی میں بھی حضرت محمد ﷺ کی ولادت با سعادت کے موقع پر شہر کی گلیاں ، بازار اور گھر قمقموں سے جگمگا اٹھے ۔
بارہ ربیع الاول کے سلسلے میں ملک بھر کی طرح راولپنڈی میں بھی میلاد کی محفلوں کا انعقاد کیا جارہا ہے ۔ شہری اور علماءبھی پرجوش ہیں۔ شہریوں نے گلیاں بازار اور عمارتیں برقی قمقموں سمیت دیگر اشیا سے سجا دی ہیں ۔ علماء کرام کے ساتھ ساتھ شہری بھی عید میلاد النبیؐ کی آمد کے موقع پر انتہائی پرجوش دکھائی دے رہے ہیں جب کہ شہر کا کوچہ کوچہ درود و سلام کی صداؤں سے گونج رہا ہے ۔


جشن عید میلاد النبیؐ کے موقع پر ٹھٹھہ اور سجاول کے علاقے بھی جگمگانے لگے ہیں ۔ عید میلاد النبیؐ کی آمد کے پیش نظر مکمل شہر کو دلہن کی طرح سجا دیا گیا ہے ۔
عید میلاد النبیؐ کی آمد پر ٹھٹھہ اور سجاول میں عمارتوں ، گلیوں اور آرائشی گیٹوں پر چراغاں کر دیا گیا ہے ۔ شام کے بعد تاریکی میں ڈوبنے والے شہر میں اب رات کو بھی دن کا گماں ہوتا ہے ۔


نبی پاک ﷺ سے عقیدت اور محبت کے اظہار کے لیے ریلیاں نکالی جا رہی ہیں جبکہ مساجد میں نوافل اور عبادتیں بھی کی جا رہی ہیں ۔
شہر گجرات میں بھی عاشقان رسولؐ نے آقائے دو جہاںؐ سے محبت کے اظہار کیلئے خوب اہتمام کیا اور شہر بھر کے گلی کوچوں کو روشنیوں میں نہلا دیا ۔ گھر گھر سے حمد و ثناء کی بلند ہوتی صداؤں نے شہر کی فضا کو معطر کر دیا۔
سکھر میں سنی تحریک کی جانب سے 12 ربیع الاول کے سلسلے میں مشعل بردار جلوس نکالا گیا ۔ جلوس جئے شاہ بادشاہ کے مزار سے برآمد ہوا اور شہر کی مختلف شاہراہوں پر گشت کیا ۔


شمع رسالتؐ کے پروانوں نے سرائے عالمگیر کی مساجد گلیوں اور راستوں کو نبی اکرمؐ کے یوم ولادت کے موقع پر سجاکر عقیدت کا اظہار کیا۔