Tuesday, April 16, 2024

ملک بھر میں عید الفطر مذہبی جوش و جذبے کیساتھ منائی جا رہی ہے

ملک بھر میں عید الفطر مذہبی جوش و جذبے کیساتھ منائی جا رہی ہے
May 24, 2020

اسلام آباد  ( 92 نیوز) ملک بھر میں عید الفطر مذہبی جوش و جذبے کیساتھ منائی جا رہی ہے  ،  حفاظتی انتظامات کے ساتھ اجتماعات کا سلسلہ جاری ہے ۔

ملک بھر میں عیدالفطر مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جارہی ہے ، شہر شہر حفاظتی انتظامات کے ساتھ نماز عید کے اجتماعات ہوئے،92 نیوز کی جانب سے اہل وطن اور اہل اسلام کو عید مبارک۔

کراچی سمیت سندھ بھر میں عیدالفطر کے موقع پر نمازعید کے بڑے اجتماعات منعقد کئے گئے ، جہاں لاکھوں فرزندان توحید نے نماز عید ادا کی  اور وطن عزیز کی سلامتی و قیام امن کیلئے دعائیں مانگیں  جبکہ لب پر عالمی وباء کورونا سے نجات کیلئے بھی خصوصی دعائیں تھیں ۔

کراچی میں عید کے بڑے اجتماعات ہوئے ، عید کی پہلی نماز  گرومندر کی قریب سبیل میں ادا کی گئی ۔عید کی نماز میں ہزاروں فرزندان توحید اللہ تعالیٰ کے حضور سجدہ ریز ہوئے ۔

اس موقع پر پاکستان کی سلامتی و امن کیلئے اور کورونا کی عالمی وباء سے نجات کی خصوصی دعائیں مانگی گئیں ، شہریوں نے کورونا سے انتقال کرجانے والوں کو یاد کیا اور بچوں نے عیدی سمیٹنے کی منصوبہ بندی کی ۔

نیو میمن مسجد میں بھی نمازعید کا بڑا اجتماع ہوا اور ہزاروں شہریوں نے عید کی نماز ادا کی ، نماز کی ادائیگی کے بعد ملکی سلامتی و ترقی اور کورونا وائرس سے چھٹکارے کیلئے دعا مانگی گئی ۔

سندھ کے دوسرے بڑے شہر حیدرآباد میں بھی عیدالفطر کی نماز کے بڑے اجتماعات ہوئے  ،سب سے بڑا اجتماع قاسم آباد عید گاہ میں ہوا ۔

سکھر میں بھی مرکزی عید گاہ سمیت مسجدوں اور میدانوں میں عیدالفطر کے اجتماعات منعقد کیے گئے ، عید کی نماز کے بعد شہریوں کا کہنا تھا خوشی کے اس موقع پر کورونا وائرس سے بچاؤ کا خصوصی خیال رکھنا چاہیے ۔

حیدرآباد کے عید گاہ میں سینی ٹائزیشن گیٹ بھی نصب کیا گیا تھا ، جیکب آباد، میر پور خاص اور ٹھٹھہ سمیت دیگر شہروں میں بھی عید کی نماز ادا کی گئی ۔