Friday, April 19, 2024

ملک بھر میں عید الاضحیٰ مذہبی عقیدت واحترام سے منائی جا رہی ہے

ملک بھر میں عید الاضحیٰ مذہبی عقیدت واحترام سے منائی جا رہی ہے
July 21, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) ملک بھر میں عید الاضحیٰ مذہبی عقیدت واحترام سے منائی جا رہی ہے۔ کراچی، لاہور، ملتان، فیصل آباد، سکھر اور حیدرآباد سمیت چھوٹے بڑے شہروں میں نماز عید کے اجتماعات ہوئے۔

ملک کے دیگر شہروں کی طرح صوبائی دارلحکومت لاہور میں بھی عیدالضحی کی نماز کیلئے مختلف مقامات پر اجتماعات کا انعقاد کیا گیا۔ وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے نماز عید وزیراعلی آفس کی مسجد میں ادا کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کورونا کے باعث سماجی فاصلے برقرار رکھتے ہوئے لوگوں کو عید الاضحی کی مبارکباد دی اور ملک کی ترقی ، خوشی و سالمیت کیلئے دعا کی۔  

گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے عید کی نماز بادشاہی مسجد میں ادا کی جسکی امامت چیئر مین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبد الخبیر آزاد نے کروائی۔ جامع مسجد دربار حضرت داتا گنج بخش  میں ہونیوالی نماز عید کی امامت امام مفتی رمضان سیالوی نے کروائی۔ مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے نماز عید ماڈل ٹاون مسجد میں ادا کی۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے منصورہ مسجد میں عیدالضحی کا خطب دیا اور امامت کروائی۔

جامعہ نعیمیہ گڑھی شاہو میں نماز عید علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے پڑھائی۔ آئی جی ریلوے پولیس عارف نواز خان نے عید کی نماز صغیر ریلوے پولیس لائنز لاہور میں ادا کی۔ اس دوران شہر میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے ۔ ڈی آئی جی آپریشنز ساجد کیانی نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا۔

صدرمملکت عارف علوی نے شاہ فیصل مسجد اسلام آباد میں نمازعید ادا کی۔ سینیٹر فیصل جاوید ، ڈپٹی اسپیکر محمد قاسم سوری بھی ہمراہ تھے۔ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کوئٹہ میں نماز عیدالاضحیٰ ادا کی۔ سینیٹ لوگوں سے عید بھی ملے۔

نائنٹی ٹو نیوز کی طرف سے ہم وطنوں کو بڑی عید کی بڑی خوشیاں مبارک ہوں۔