Friday, May 3, 2024

ملک بھر میں شدید گرمی کی لہر‘ ٹنڈو الہ یار میں گرمی کا 40 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا

ملک بھر میں شدید گرمی کی لہر‘ ٹنڈو الہ یار میں گرمی کا 40 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا
May 17, 2016

لاہور (92نیوز) میدانی علاقوں میں سورج آگ برساتا رہا اور شہری دن بھرگرمی گرمی کرتے رہے۔ لاڑکانہ میں پارہ اکیاون ڈگری پر پہنچ گیا۔ جیکب آباد، موہنجو دڑو‘ سبی اور سکھر میں بھی بلا کی گرمی پڑی اور شہری بلبلا اٹھے۔ ملک کے جنوبی علاقوں میں سورج تیور بدلنے لگا ہے اور گرمی اپنے جوبن پر پہنچ گئی۔ حیدر آباد میں پارہ چھیالیس ڈگری پر پہنچ گیا جو اس سال شہر کا سب سے زیادہ درجہ حرارت ہے۔ ٹنڈو الہ یار میں گرمی کا 40 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا۔

شہریوں نے گرمی بھگانے کے لئے ٹھنڈے مشروبات اور موسمی پھلوں کا استعمال بڑھا دیا۔ سکھر‘ نواب شاہ‘ لاڑکانہ، جیکب آباد اورسبی میں بھی موسم انتہائی گرم رہا اور آسمان سے آگ برستی رہی۔ پارہ چڑھنے پر سڑکیں اور بازار ویران ہو گئے اور لوگوں نے گھر میں ہی رہنے میں عافیت ڈھونڈی۔ بہاولپور، ملتان،لاہور اور فیصل آباد سمیت پنجاب کے بیشتر میدانی علاقوں میں سورج دن بھر آگ برساتا رہا اور گرمی سے شہری بے حال اور نڈھال ہو گئے۔

پشاور اور خیبرپختونخوا کے زیادہ تر اضلاع شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں اور یہ سلسلہ آئندہ چند روز تک جاری رہے گا۔ ادھر کراچی میں گرمی بتدریج بڑھ رہی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سمندری ہوا معمول کے مطابق چلتی رہے گی جس کے باعث شہر کا درجہ حرارت چالیس سینٹی گریڈ سے کم رہے گا۔

لاہورمیں آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت چوالیس سینٹی گریڈ رہا۔ گرمی کے ستائے شہری ٹھنڈے مشروبات پی کر موسم کی شدت کو کم کرنے کی کوشش کرتے رہے۔ سخت گرمی کے دوران گھروں سے باہر کام کاج کے لیے نکلنے والے شہریوں کا کہنا تھا کہ حکومت کو بس سٹاپ پر سائے اور ٹھنڈے پانی کا انتظام کرنا چاہیے۔ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ عوام گرمی سے بچاو کے لیے ٹھنڈے مگر معیاری مشروبات استعمال کریں تاکہ پیٹ کے امراض سے بچا جا سکے۔