Sunday, May 19, 2024

ملک بھر میں شدید سردی کی لہر برقرار،پنجاب کے علاقے دھند میں ڈوبے رہے

ملک بھر میں شدید سردی کی لہر برقرار،پنجاب کے علاقے دھند میں ڈوبے رہے
December 29, 2018
لاہور( 92 نیوز) ملک بھر میں شدید سردی کی لہر بدستور برقرار ہے جب کہ  پنجاب کے کئی علاقوں میں گزشتہ شام سے لیکر آج صبح تک دھند کا راج رہا ،  محکمہ موسمیات نے بھی  نئے سال کے آغاز پر ہی بارشوں اور بالائی علاقوں میں برف باری کی پیش گوئی کردی۔ کڑاکے کی سردی نے لوگوں کے کڑاکے نکال دیئے  ،کوئٹہ سمیت بلوچستان کے متعدد اضلاع شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں۔ بالائی علاقوں میں بھی ہر طرف ٹھنڈ کا راج ہے، کئی علاقوں کا درجہ حرارت نقطہ انجماد سے گرگیا ۔ محکمہ موسمیات نےنئے سال کی آمد پر بارشوں اور پہاڑوں پر برف باری کی نوید بھی سنا دی ہے، آئندہ دو روز کے دوران پنجاب  سمیت سندھ اور خیبرپختونخوا میں بعض مقامات پر دھند کا سلسلہ جاری رہےگا،جب کہ بالائی علاقوں میں بارش اور برف باری ہوسکتی ہے۔ لاہور سمیت پنجاب کے کئی شہریوں میں دھند کا بھی راج برقرار رہا ، جس کے باعث ٹریفک حادثات میں کئی افراد زخمی ہوگئے۔ لودھراں میں ٹریکٹر ٹرالی کی کار کو ٹکر  کے باعث  بچے اور دو خواتین سمیت سات افراد زخمی ہوگئے۔ شدید دھند کے باعث موٹر وے بھی کئی مقامات پر بند رہی۔