Saturday, May 18, 2024

ملک بھر میں شدید سردی کی لہر برقرار، بالائی علاقوں کا درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے

ملک بھر میں شدید سردی کی لہر برقرار، بالائی علاقوں کا درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے
January 2, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) ملک بھرمیں شدید سردی کی لہر برقرار ہے، بالائی علاقوں کا درجہ حرارت بدستور نقطہ انجماد سے نیچے رہا۔ پنجاب کے میدانی علاقوں میں دھند سے ہرشے دھندلا گئی۔ ٹرینوں اور پروازوں کا شیڈول بھی متاثر ہوا۔ محکمہ موسمیات نے کل سے بالائی علاقوں میں برف باری کی پیش گوئی کردی۔

ملک بھرمیں سردی کی لہر بدستور برقرار،،کئی علاقوں میں پارہ نقطہ انجماد سے بھی نیچے، لاہور سمیت پنجاب کے میدانی علاقوں میں دھند بھی اندھا دھند پڑ رہی ہے، موٹروے ایم ٹو، تھری اور فور کئی مقامات پر بند رہی، لاہور ایئرپورٹ پر پروازوں کا شیڈول بھی متاثر ہوا۔

کراچی میں یخ بستہ ہواؤں کا راج ہے، موسم مزید سرد ہوگیا، شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، شہر میں 8 سے 10 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا بھی چل رہی ہیں۔ موسمیاتی ماہرین نے شہر قائد میں سردی کی لہر مزید چند روز برقرار رہنے کا امکان ظاہر کر دیا۔

اسلام آباد میں بھی پارہ نقطہ انجماد سے گرگیا، لاہور میں درجہ حرارت 4، پشاور3  جبکہ کوئٹہ میں منفی 8 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ سب سے زیادہ سردی وادی لہہ میں پڑی، پارہ منفی 15 ڈگری رہا، استور منفی 12 جبکہ گوپس اور سکردو میں 11 جبکہ زیارت میں پارہ منفی 10 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی علاقوں میں کل سے برف باری کا نیا سلسلہ شروع ہوگا، جبکہ ملک کے بیشترعلاقوں میں آج موسم سرد اور خشک رہے گا۔