Friday, May 17, 2024

ملک بھر میں شدید سردی ، پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی

ملک بھر میں شدید سردی ، پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی
January 2, 2020
اسلام آباد ( 92 نیوز) ملک بھر میں شدید سردی نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں جب کہ پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی ، لواری ٹاپ ، جنوبی وزیر ستان اور گردونواح میں برفباری  کے باعث مکین گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ۔ لاہور سمیت پنجاب بھر میں بھی سردی برداشت  سے باہر ہونے لگی  ، میدانی علاقوں میں صبح کے وقت دھند کا راج رہتا ہے، کئی شہروں میں حدنگاہ کم ہونے کی وجہ سے شہریوں کو آمد و رفت میں شدید مشکلات کا سامنا  ہوتا ہے، یک نہ شد دو شد کے مصداق گیس کی بندش کے باعث شہری لکڑیاں جلانے پر مجبور ہیں۔ سندھ اور بلوچستان میں بھی سردی کی لہر جاری ہے ، کراچی میں صبح ہونے والی بوندا باندی نے ٹھنڈ بڑھا دی ہے، کوئٹہ میں رواں سال کی پہلی برفباری نے سردی کی شدت میں مزید اضافہ کردیا ،تاہم برف باری کے بعد سورج نکلا تو شہری موج مستی کرنے باہر نکل آئےخیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں میں بھی  کہیں کہیں بارش  ہوئی جس کے باعث سردی مزید بڑھ گئی۔ ادھر شمالی علاقہ جات میں پہاڑوں پر برفباری نے موسم سرما کو مزید سرد کردیا، شاہراہیں، گھر اور پہاڑ برف سے ڈھکے پڑے ہیں،مالم جبہ 3، ،کالام 4 اور پارا چنار میں کم سے کم درجہ حرارت  6 ڈگری سنٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے ،اسکردو میں درجہ حرارت منفی گیارہ تک چلا گیا۔ سکردو، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں ریکارڈ سردی سے انسانی زندگی مفلوج ہوکر رہ  گئی ہے، بالائی علاقوں کے راستے بند ہونے سے اہل علاقہ کو ایندھن،ایل پی جی گیس اور لکڑی کی قلت کا سامنا ہے۔ موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ شمال مغربی بلوچستان، بالائی خیبر پختو نخوا ، بالائی پنجاب، اسلام آباد، کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ چند مقامات پر بارش اور پہاڑی علاقوں میں  برفباری کا امکان ہے۔ ملک بھر میں گیس کی لوڈ شیڈنگ نے بھی عوام کو پریشانی میں مبتلا کر رکھا ہے ۔