Thursday, May 16, 2024

ملک بھر میں شدید سردی، پنجاب میں شدید دھند کا راج رہا، پروازیں متاثر

ملک بھر میں شدید سردی، پنجاب میں شدید دھند کا راج رہا، پروازیں متاثر
January 12, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) ملک بھر میں سردی اپنے جوبن پر،،، پنجاب کے میدانی علاقوں میں صبح کے وقت شدید دھند کا راج رہا، دھند کے باعث موٹروے کو مختلف انٹرچینجز سے بند رکھا گیا، قومی شاہراہوں پر حد نگاہ انتہائی محدود رہی، شدید دھند کی وجہ فلائٹ آپریشن بھی متاثر ہوا۔

ملک بھر میں سردی کی شدت برقرار ہے، شہری ٹھنڈے موسم میں بچاؤ کیلئے آگ تاپنے لگے۔

شدید دھند کے باعث لاہور سے پیر عبدالحکیم تک ایم تھری سمیت موٹروے مختلف انٹرچینجز سے بند رہی، قومی شاہراہ پر لاہور سے پتوکی، رینالہ خورد، ساہیوال، میاں چنوں اور خانیوال تک دھند کے باعث حد نگاہ انتہائی محدود رہی۔

فیصل آباداور گردونواح میں دھند کے باعث حد نگاہ صفر رہ جانے سے ٹریفک کی روانی متاثرہوئی، حجرہ شاہ مقیم، ٹوبہ ٹیک سنگھ، پاکپتن، میانوالی اور خوشاب میں دھند کے باعث ڈرائیورز کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

لاہور میں مغربی ہواؤں کا سلسلہ برقرار ہے، آج بھی موسم شدید سرد رہے گا، کراچی میں سردی کی لہر جاری ہے، صبح سویرے درجہ حرارت کم سے کم 6 اعشاریہ 6 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج خیبرپختونخوا کے بیشترعلاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا، جبکہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع، گلگت بلتستان اور کشمیر میں موسم شدید سرد ہوگا۔