Saturday, April 20, 2024

ملک بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ ، اضافی نفری بھی تعینات

ملک بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ ، اضافی نفری بھی تعینات
May 9, 2019
لاہور(92 نیوز) لاہور میں ہونے والی دہشت گردی کے واقعہ کے بعد ملک بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ کر کے اضافی نفری بھی تعینات کر دی گئی ۔ ملک بھر  میں  ایف آئی اے دفاتر،تمام بڑے اسٹیشنوں،ٹرک اڈوں،بس سٹینڈز پر ہنگامی طور پر سکیورٹی کے انتظامات مزید سخت کر دیے گئے ۔ ریلوے پولیس حکام نے تمام بڑے ریلوے اسٹیشنوں اور حساس علاقوں میں چلنے والی ٹرینوں میں پولیس کی نفری میں اضافہ کر دیا ، ریلوے ٹریک کا گشت بھی بڑھا دیا ہے اور دوسری جانب بس اڈوں کی مانیٹرنگ میں بھی اضافہ کر دیا گیا ہے جبکہ سمجھوتہ ایکسپریس کی سکیورٹی میں بھی اضافہ کرنے کی ہدایت کر دی ہے ۔

حرکات سے لگتا ہے حملہ آور کو نشہ آور انجکشن لگایاگیا تھا، انٹیلی جنس ذرائع

دوسری جانب لاری اڈا،بند روڈ ،جنا ح ٹرمینل ٹھوکر نیاز بیگ سمیت ٹرک سٹینڈز پر بھی مانیٹرنگ کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہے ۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے سرکاری عمارات، مذہبی مقامات کی سکیورٹی کے سخت انتظامات اور علاقہ کی جیو فیسنگ کرانے کے احکامات جاری کئے ہیں جبکہ سول سیکرٹریٹ سمیت پنجاب بھر کے سرکاری دفاتر میں اصل قومی شناختی کارڈ دیکھے بغیر عام شہریوں کا داخلہ ممنوع قرا ر دے دیا۔ اہم سیا سی و دینی جماعتوں کے سرکاری راہنمائوں کو نقل و حرکت محدود رکھنے کی ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں ۔