Sunday, May 19, 2024

ملک بھر میں سردی کی لہر ، موٹرویز پر دھند کا راج

ملک بھر میں سردی کی لہر ، موٹرویز پر دھند کا راج
January 24, 2019
لاہور ( 92 نیوز) ملک بھر میں سردی ہی سردی ہے ۔  حالیہ بارشوں، ژالہ باری اور بالائی علاقوں میں برفباری کےباعث ٹھنڈ بڑھ گئی ۔ دوسری جانب قومی شاہراہ اور موٹرویز پر دھند کاراج ہے ۔ قومی شاہراہ اور موٹرویز پر دھند  کا راج رہا ۔ لاہور سے شیخوپورہ  اور خانیوال ملتان روڈ دھند کے باعث بند کیا گیا۔ صبح کے اوقات میں ،ملتان ، رحیم یار خان ، صادق آباد ، میاں چنوں  خانیوال،اوکاڑہ اورساہیوال  میں دھند چھائی رہی۔ لودھراں، بہاولپور، احمد پور شرقیہ میں  بھی  راستے دھندلا گئے، دھند کے باعث جام پور میں کراچی سے پشاور جانیوالی بس الٹ گئی،حادثے میں چار افراد زخمی ہوگئے ۔ ادھر اپردیر میں  شدید برفباری جاری ہے، قلات میں بھی سائبیرین یخ بستہ  ہواؤں کی وجہ سے  معمولات زندگی متاثر ہوئے ہیں ،قلات  میں درجہ حرارت منفی  سات ڈگری تک گر گیا۔ محکمہ موسمیات  کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے  بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا، مالاکنڈ ڈویژن،ہزارہ،کشمیر،گلگت بلتستان میں چند مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برفباری، پنجاب کے میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں دھند پڑنے کا امکان ہے۔