Thursday, May 9, 2024

ملک بھر میں سردی کی لہر برقرار، میدانی علاقوں سے دھند چھٹ گئی

ملک بھر میں سردی کی لہر برقرار، میدانی علاقوں سے دھند چھٹ گئی
December 30, 2020

لاہور (92 نیوز) ملک بھر میں سردی کی لہر برقرار ہے۔ میدانی علاقوں سے دھند چھٹ گئی۔ موٹرویز پر ٹریفک معمول کے مطابق رواں دواں ہے۔

آج بھی ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید سرد اور خشک رہے گا۔ موسم کا حال بتانے والوں کے مطابق اگلے چند روز کے دوران ملک کے بیشتر حصے خشک اور سرد ہواؤں کے زیر اثر رہیں گے۔

پنجاب سمیت ملک کے دیگر میدانی علاقوں میں دھند چھٹنے کے بعد موسم صاف ہو گیا تاہم سرد ہواؤں کے باعث خشک سردی کی لہر برقرار ہے۔ اسلام آباد میں بھی آج موسم سرد اور خشک رہے گا۔

کراچی میں بھی سردی کی شدت برقرار ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر قائد کا موسم آئندہ تین روز تک شدید سرد رہے گا۔ کراچی میں سال کے آخری روز 31 دسمبر کو درجہ حرارت سب سے کم 6 ڈگری سینٹی گریڈ تک گرنے کا امکان ہے۔

خیبرپختونخوا میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم خشک اور شدید سرد رہے گا۔ کالام میں پارہ منفی 10 ڈگری تک گر گیا۔ مالم جبہ، دیر اور پارا چنار میں درجہ حرارت منفی 4 ریکارڈ کیا گیا۔ شمالی بلوچستان، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی خشک سردی کا راج ہے۔ پہاڑی علاقوں میں شدید سردی پڑ رہی ہے۔