Wednesday, May 8, 2024

ملک بھر میں سردی کی شدت برقرار ، اسکردو میں پارہ منفی چودہ تک گر گیا

ملک بھر میں سردی کی شدت برقرار ، اسکردو میں پارہ منفی چودہ تک گر گیا
December 30, 2018
لاہور (92 نیوز) ملک بھر میں شدید سردی کی لہر جاری  ہے۔ کئی علاقوں میں درجہ حرارت بدستور نقطہ انجماد سےکم ہے۔ اسکردو میں پارہ منفی چودہ تک گر گیا۔ خون جما دینے والی سردی میں لوگ گھروں تک محصور ہو کر رہ گئے۔ موسمیاتی ماہرین نے آئندہ چوبیس میں گھنٹوں شدید سردی اور دھند کی پیش گوئی بھی کر دی۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران  سب سے زیادہ سردی سکردو میں پڑی  جہاں درجہ حرارت منفی چودہ سینٹی گریڈ تک گر گیا۔ استور منفی دس ، گوپس منفی نو ، گلگت منفی سات جب کہ کالام ، ہنزہ اور بگروٹ میں پارہ منفی چھ سینٹی گریڈ تک گر گیا۔ راولا کوٹ اور دیر کا درجہ حرارت منفی پانچ ، کوئٹہ منفی تین جب کہ  دالبندین ، قلات ، لوئر دیر ، مالم جبہ ، بالا کوٹ اور مری میں منفی دو  ریکارڈ کیا گیا۔ موسمیاتی پنڈتوں نےآئندہ  دو روز کے دوران کوئٹہ ، ژوب ، کوہاٹ ، مالاکنڈ  ، ہزارہ ، گلگت بلتستان اور کشمیر میں کہیں کہیں رم جھم کی نوید بھی سنادی ہے۔ پشاور ، مردان ، بنوں ، ڈی آئی خان ، سرگودھا ،گوجرانوالہ ، لاہور ، راولپنڈی ڈویژن اور اسلام آباد میں بھی چند مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔