Friday, May 17, 2024

ملک بھر میں سردی کا راج برقرار ، میدانی علاقوں میں بارشوں سے سردی بڑھ گئی

ملک بھر میں سردی کا راج برقرار ، میدانی علاقوں میں بارشوں سے سردی بڑھ گئی
February 8, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) ملک بھر میں سردی کا راج برقرار ہے۔ میدانی علاقوں میں بارشوں سے سردی کی شدت بڑھ گئی۔ کہیں برفباری ، کہیں بارشیں ، تو کہیں گھنگھورگھٹائیں ، ملک بھر میں سردی کی شدید لہر برقرار ہے۔ شمالی علاقہ جات میں برفباری اور میدانی علاقوں میں حالیہ بارشوں سےجاڑے کی شدت بڑھ گئی۔ سوات، کالام، مالم جبہ اور مہوڈنڈ میں  پانچ سے  چھ فٹ تک برف  پڑ چکی ہے۔ شدید برفباری کے باعث  ٹھنڈیانی کا  ایبٹ آباد شہر سے رابطہ منقطع ہو گیا۔ سیکڑوں افراد محصور ہو کر رہ گئے۔ اشیا خورونوش کی قلت سے شہری پریشان ہیں اور حکومت سے فوری راستے کھلوانے  کا مطالبہ کیا ہے۔ وادی نیلم اور آزاد کشمیر میں بھی بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ شاہراہ نیلم پر سیماری کے قریب  مسافر بس لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں آ گئی جس سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔ دوسری جانب میدانی علاقوں میں حالیہ بارشوں کے بعد سردی کی شدت بڑھ چکی ہے۔ لاہور میں چلنے والی یخ بستہ ہواؤں سے درجہ حرارت مزید گر گیا۔ پشاور میں بھی ہلکی بارش سے خنکی میں اضافہ ہو گیا۔ ملتان اور گردو نواح میں یخ بستہ ہواؤں کا راج ہے۔ شہر قائد میں 19 کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار سے چلنی والی گرد آلود ہواؤں کا سلسلہ آج بھی برقرار رہے گا۔ ادھر موسم کا حال بتانے والوں نے آئندہ چوبیس گھنٹے موسم مزید سرد رہنے کی پیشگوئی کردی جبکہ ہزارہ، راولپنڈی اور اسلام آباد ڈویژن میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ گلگت بلتستان اور کشمیر میں بھی موسلادھار بارش اور پہاڑوں پر برفباری ہو گی۔