Thursday, March 28, 2024

ملک بھر میں سردی نے اپنا رنگ جما دیا

ملک بھر میں سردی نے اپنا رنگ جما دیا
January 5, 2019
اسلام آباد (92 نیوز) ملک کے کئی علاقوں میں سال نو کی پہلی بارش ہو گئی جبکہ پہاڑوں پربرفباری کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ تیز ہواؤں سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔ کہیں رم جھم تو کہیں سفید گالوں کی برسات سے سردی نے اپنا رنگ جما  دیا۔ ملکہ کوہسار مری میں برفباری ہونے سے سیاحوں نے مال روڈ کا رخ کر لیا ہے اور برفباری سے خوب انجوائے کر رہے ہیں۔ نتھیا گلی، ڈونگا گلی، چھانگلہ گلی اور ایوبیہ میں چارانچ تک برف پڑ چکی ہے۔ اپر دیر کے پہاڑوں کے بعد برفباری نے شہری علاقوں کا رخ کر لیا۔ مکانات اور میدانوں نے سفید چادر اوڑھ لی ہے جس سے مضافاتی علاقوں کی رابطہ سڑکیں بند ہو گئیں۔ لوئر دیر میں بھی برفباری اور بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ ناران میں تین فٹ ،شوگران  میں دو فٹ برف پڑ چکی ہے۔ چھتر پلین میں برفباری سے شاہراہ قراقرم بند  ہو گئی۔ ایبٹ آباد اور گلگت بلتستان میں بھی  آسمان سے سفید گالوں کی برسات ہوئی۔ شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک اور دتہ خیل میں بھی  برف باری ہوئی۔ میرانشاہ ،میرعلی میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو گیا۔ اسلام آباد اور لاہور کے مختلف علاقوں میں رم جھم سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔ گوجرانوالہ، فیصل آباد، نارووال، منڈی بہاؤالدین، سیالکوٹ سمیت دیگر علاقوں میں بھی بادل برسے۔ میرپور آزاد کشمیر میں بھی بادلوں نے رنگ جمایا۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید بارش کی نوید سنائی ہے۔