Saturday, May 11, 2024

ملک بھر میں سردی زوروں پر ، پنجاب کے مختلف علاقوں میں دھند کا راج

ملک بھر میں سردی زوروں پر ، پنجاب کے مختلف علاقوں میں دھند کا راج
January 4, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) ملک بھر میں سردی زوروں پر ہے۔ پنجاب کے مختلف علاقوں میں دھند کا راج برقرار ہے۔ بہاولپور، میاں چنوں، خانیوال، ملتان، لودھراں، ہڑپہ اور چیچہ وطنی میں دھند سے حد نگاہ متاثر ہوئی۔

 ادھر ملک کے مختلف علاقوں میں کالی گھٹائیں چھا گئیں۔ کہیں رم جھم تو کہیں بادل کھل کر برسے۔ خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر سمیت بالائی علاقوں میں بارش اور برف باری سے موسم شدید سرد ہو گیا۔

لاہور شہر میں بادلوں کا بسیرا ہے۔ آج دوپہر  سے شروع ہونے والا بارش کا سلسلہ کل تک جاری ہے گا۔ پنڈی بھٹیاں سمیت پنجاب کے دیگر علاقوں میں کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش ہوئی۔ ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں بھی آج اور کل بارشوں کا امکان ہے۔

کوٹلی آزاد کشمیر اور گردونواح میں رات بھر سے موسلا دھار بارش جاری ہے جس کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آ گئے۔ پشاور سمیت خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں بھی بارشوں سے سردی بڑھ گئی۔

گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں سب سے کم درجہ حرارت کالام میں منفی 7  ڈگری  ریکارڈ کیا گیا۔ موسم کا حال بتانے والوں نے بالائی علاقوں میں مزید بارش اور برف باری کا امکان ظاہر کر دیا۔

کراچی میں بھی سردی کی شدت برقرار ہے۔ شہر قائد میں  کم سے کم درجہ حرارت 7 اعشاریہ 5 ڈگری  ریکارڈ کیا گیا۔