Friday, March 29, 2024

ملک بھر میں دلفریب موسم نے چھٹی کا مزہ دوبالا کر دیا

ملک بھر میں دلفریب موسم نے چھٹی کا مزہ دوبالا کر دیا
March 3, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) ملک بھر میں دلفریب موسم نے چھٹی کا مزہ دوبالا کردیا۔ کراچی، لاہور، اسلام آباد، فیصل آباد، ملتان اور دیگر علاقوں میں بارش ہوئی۔ ملک بھر میں گھنگھور گھٹاؤں کا راج ہے۔ حالیہ بارشوں اور برفباری نے جاتی سردی کو بریک لگا دی۔ دلفریب موسم نے چھٹی کا مزہ دوبالا کر دیا۔ شہریوں نے تفریحی مقامات کا رخ کر لیا۔ میرانشاہ اور ملحقہ علاقوں میں چوتھے روز بھی ہلکی بارش ہوئی۔ شوال، رزمک اور دتہ خیل میں آسمان سے سفید گالے برسنے لگے۔ برفباری سے لطف اندوز ہونے کے لئے سیاحوں نے شمالی وزیرستان کا رخ کر لیا ہے۔ لاہور شہر میں ٹھنڈی ہواؤں کے ساتھ آسمان پر کالے بادلوں کا راج ہے۔ گزشتہ روز سے جاری بارش کے باعث صوبائی دارالحکومت میں سردی کی شدت بڑھ گئی۔ فیصل آباد میں بھی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ ملتان اور گردونواح میں بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا ہے۔ شہر قائد کا موسم بھی ابر آلود ہے۔ خیبر پختونخوا کے مختلف شہروں میں بھی ابرکرم خوب برسا۔ پشاور اور دیگر شہروں میں آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید بارش کا امکان ہے۔ حالیہ بارشوں سےگوادر میں طویل خشک سالی کا خاتمہ ہو گیا۔ ضلع بھر میں  20 ماہ سے جاری پانی کا بحران ختم ہو گیا۔ موسم کا حال بتانے والوں نے کشمیر، گلگت بلتستان، ہزارہ، اسلام آباد اور گوجرانوالہ ڈویژن میں آج اکثر مقامات پر بارش کا امکان ظاہر کر دیا۔ مالا کنڈ، مردان، پشاور، کوہاٹ میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بار متوقع ہے۔ بالائی علاقوں میں پہاڑوں پر آج بھی برفباری ہو گی۔