Tuesday, April 16, 2024

ملک بھر میں حضرت علی رضی اللہ تعالی عنہہ کے یوم شہادت کے موقع پر ماتمی جلوس نکالے گئے

ملک بھر میں حضرت علی رضی اللہ تعالی عنہہ کے یوم شہادت کے موقع پر ماتمی جلوس نکالے گئے
May 4, 2021

کراچی / لاہور (92 نیوز) ملک بھرحضرت علی رضی اللہ تعالی عنہہ کے یوم شہادت کے موقع پر ماتمی جلوس نکالے گئے، کراچی میں نشترپارک سے برآمد ہونے والا جلوس امام بارگاہ حسینیہ ایرانیاں کھارادر جبکہ لاہور کی مبارک حویلی سے برآمد ہونے والا جلوس کربلا گامے شاہ اختتام پذیر ہوگیا۔

کراچی میں یوم علی کی مناسبت سے نشترپارک میں مرکزی مجلس ہوئی، علامہ شنہشاہ حسین نقوی نے مجلس سےخطاب کیا، اور فضائلِ حضرت علی بیان کیے۔

مجلس کے بعد یوم علی کا مرکزی جلوس نشترپارک سے برآمد ہوا، جلوس میں خواتین اور بچوں سمیت عزاداروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ جلوس کی قیادت بوتراب اسکاؤٹ نے کی۔

جلوس اپنے روایتی راستوں سے ہوتاہوا، نمائش چورنگی سےایم اے جناح روڈ امام بارگاہ علی رضا پہنچا، وہاں سےسعید منزل،سروسز اسپتال اوربولٹن مارکیٹ سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینیہ ایرانیان کھارادر پہنچ کر اختتام پزیرہوا۔

جلوس کی سکیورٹی کےانہتائی سخت انتظامات کئے گئےتھے۔ پولیس اوررینجرز کی بھاری نفری تعینات تھی۔ جلوس کےراستوں میں آنےوالی گلیوں کو کنٹینرز لگا کر بند کیا گیا تھا۔

ادھر لاہور کی مبارک حویلی سے برآمد ہونے والا یوم حضرت علی کرم اللہ وجہہ جلوس مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا کربلا گامے شاہ اختتام پذیر ہوگیا، جلوس کے روٹس کے لئے لگائی جانے والی تمام ڈائیورشنز کو کھول دیا گیا۔

سی سی پی او لاہور نے کربلا گامے شاہ کا دورہ کیا، غلام محمود ڈوگر رات بھر سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیتے رہے، دیگرپولیس حکام بھی اس موقع پرموجود تھے۔

ڈولفن فورس کی طرف سے جلوس کے روٹس پر فلیگ مارچ بھی کیا گیا۔

کورونا ایس اوپیز کے تحت شبیہہ تعزیہ کے بانیان سے 6 بجے تک جلوس اختتام پذیر کرنے کا کہا گیا تھا۔