Friday, April 26, 2024

ملک بھر میں عید میلاد النبی ﷺ انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جارہی ہے

ملک بھر میں عید میلاد النبی ﷺ انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جارہی ہے
November 21, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) ملک بھر میں عید میلاد النبی ﷺ انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جارہی ہے۔ یوم ولادت رسولﷺکے موقع پر وفاقی دارالحکومت میں اکتیس توپوں کی سلامی کے ساتھ دن کا آغاز کیا گیا۔ چاروں صوبوں کے دارالحکومتوں لاہور،کراچی،پشاور اورکوئٹہ میں اکیس اکیس توپوں کی سلامی دی گئی، پاک فوج کے جوانوں کے اللہ اکبر کے فلک شگاف نعروں سے فضا گونج اٹھی۔ نبی آخرالزماں ﷺکے یوم ولادت کے موقع پر  تقریب کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے کیا گیا، لاہور میں پاک فوج کی طرف سے اکیس توپوں کی سلامی محفوظ گریژن میں دی گئی۔ شہر شہر، نگر نگر، سیدہ آمنہ رضی اللہ عنہا کے لال ﷺ کی ولادت کی خوشی میں گلیاں، بازار، عمارتوں کو دلہنوں کی طرح سجا دیا گیا۔ ہر دل میلاد مصطفیٰﷺ کی خوشی سے سرشار ہے۔ مساجد میں محافل نعت کا سلسلہ بھی جاری ہے، مقررین اپنے اپنے انداز میں نبی رحمتﷺ کی ولادت باسعادت اور سیرت وکردار کا تذکرہ کرکے عاشقان رسولﷺ کے دلوں کو گرما رہے ہیں۔ ولادت مصطفیٰﷺ کی خوشیاں کیوں نہ منائی جائیں کہ سروردوعالم نورمجسمﷺ کی ولادت باسعادت پر کعبہ بھی خوشی سے جھوم اٹھا تھا، زمین و آسمان کی مخلوق گویا وجد میں آگئی تھی،،