Friday, May 17, 2024

ملک بھر میں تین سے چار روز تک موسلا دھار بارشیں جاری رہنے کا امکان : محکمہ موسمیات

ملک بھر میں تین سے چار روز تک موسلا دھار بارشیں جاری رہنے کا امکان : محکمہ موسمیات
July 26, 2015
لاہور(92نیوز)محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ ملک بھر میں جاری رہنے والی تین سے چار روز تک موسلادھار بارشوں سے دریاؤں، ندی نالوں میں سیلاب آ سکتا ہے،بالائی علاقوں میں بارشوں سے دریائے سندھ میں آئندہ چوبیس گھنٹوں میں پر شدید سیلاب کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔ ملک بھر میں جاری مون سون کی طوفانی بارشوں سے دریاؤں ، ندی نالوں میں  سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔ محکمہ موسمیات  نے خبردار کیا ہے کہ تین سے چار روز تک مزید موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا،جس کے  پیش نظر گلگت بلتستان اور چترال کے گلیشروں کی جھیلوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہےجس سے متعدد علاقوں بگروٹ، بیندوگول اور گولین ویلی  کو خطرہ ہے۔ جبکہ بالائی خیبرپختونخوا ، فاٹا،بالائی پنجاب، کشمیر  میں طوفانی بارشوں سے دریاؤں  اور ندی نالے بھپر سکتے ہیں۔ دوسری طرف  ملک کے بالائی علاقوں میں متوقع بارشوں سے دریائے سندھ میں تربیلا کے مقام پر آئندہ چوبیس گھنٹوں میں شدید سیلابی صورتحال پیدا ہو جائے گی،اور تربیلا میں چار لاکھ نوے ہزار کیوسک سے پانچ لاکھ پچاس ہزار کیوسک کے درمیان ریلا گزر سکتا ہے۔اس وقت دریائے سندھ  میں گدو کے مقام پر اونچے درجے کا سیلاب ہے، کالا باغ،چشمہ ، تونسہ،سکھر کے مقام پر درمیانے درجہ کا اور کوٹری کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے۔ دریائے کابل میں نوشہرہ کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلابی ریلا گزر رہا ہےطوفانی بارشوں سے صورتحال کنٹرول سے باہر ہو سکتی ہے۔ دریائے جہلم میں منگلا کے مقام پر اونچے درجے کی سیلابی صورتحال ہے جو آئندہ بارشوں سے مزید بگڑی جائے گی جبکہ رسول کے مقام پر درمیانے درجے کی سیلابی صورتحال ہے۔ دریائے چناب،راوی اور ستلج میں صورتحال معمول کے مطابق ہے ۔