Thursday, May 9, 2024

ملک بھر میں بارشوں اور برف باری کا سلسلہ جاری ، شمالی علاقہ جات برف سے ڈھک گئے

ملک بھر میں بارشوں اور برف باری کا سلسلہ جاری ، شمالی علاقہ جات برف سے ڈھک گئے
January 13, 2020
 سوات (92 نیوز) ملک بھر میں بارشوں اور برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔ شمالی علاقہ جات برف سے ڈھک گئے۔ سوات، کوہستان، شانگلہ، بونیر، مانسہرہ، ناران، کاغان میں راستے بند ہیں۔ گھروں، شاہراہوں، گلیوں، بازاروں سمیت ہر چیز نے برف کی سفید چادر اوڑھ لی۔ بالائی علاقوں میں برف سے ڈھکی وادیاں خوبصورت مناظرپیش کررہی ہیں، دیر، ایبٹ آباد، مری، گلیات، وادی نیلم، باغ، سوات،کوہستان، شانگلہ، بونیر، مانسہرہ، ناران، کاغان میں برفباری کے بعد شاہراہوں سے برف ہٹانے کا کام جاری ہے۔ ایبٹ آباد اور گلیات میں بارش اور برف باری سے موسم شدید سرد ہو گیا۔ نتھیا گلی، ٹھنڈیانی اور چھانگلہ گلی میں ڈیڑھ فٹ برف پڑ چکی ہے۔ اسکردو شدید برفباری کی زد میں ہے، نظام زندگی مفلوج ہو گیا۔ رواں سال کی بارش کے دوسرے اسپیل کے دوران لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بادل جم کر برسے۔ گرج چمک کے ساتھ بارش نے جل تھل ایک کر دیا۔ اسلام آباد اور راولپنڈی میں بارش نے سردی کی شدت میں اضافہ کر دیا۔ ملتان، فیصل آباد، سرگودھا، سیالکوٹ، حافظ آباد، اوکاڑہ، قصور،نارووال، جہلم، گجرات، ٹوبہ ٹیک سنگھ سمیت پنجاب بھر میں بارش کی جھڑی لگی رہی۔ پشاور سمیت خیبرپختونخوا  کے مختلف علاقوں میں بھی بارش سے موسم سرد ہو گیا۔ اسکردو میں سب سے زیادہ سردی پڑ رہی ہے جہاں درجہ حرارت منفی آٹھ ریکارڈ کیا گیا۔ دیگر بالائی علاقوں اور بلوچستان میں بھی چند اضلاع کا پارہ بدستور منفی ہے۔