Monday, May 13, 2024

ملک بھر میں بارش کا سلسلہ جاری ، حادثات میں 28 افراد جاں بحق

ملک بھر میں بارش کا سلسلہ جاری ، حادثات میں 28 افراد جاں بحق
February 21, 2019
لاہور ( 92 نیوز) ملک کے طول و عرض میں بارش کا سلسلہ جاری ہے ، حادثات میں 28افراد جان کی بازی ہار گئے جب کہ  سڑکیں بازار پانی سے بھر گئے، متعدد   علاقوں سے بجلی غائب ہو گئی ۔ خیبرپختونخو ا میں بارشوں کے باعث مختلف حادثات و واقعات میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 12 ہو گئی ۔ دیر بالا میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث بچوں اور خواتین سمیت 4افراد جاں بحق ہوئے ۔ لاہور ، فیصل آباد ، گوجرانوالہ ، اوکاڑہ ، راولپنڈی سیالکوٹ ، سرگودھا میں نشیبی علاقے زیر آب آگئے ۔ بارش کے باعث مالاکنڈ،آزادکشمیر، گلگت بلتستان میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے ، لگاتار بادل برسنے سے مختلف شہروں میں بجلی بند ہےجس سے  شہریوں کو مشکلات  کا سامنا ہے ۔ وادی نیلم میں برفباری سے کیل،شونٹر ویلی اور گریس ویلی کےراستے بند  ہو گئے ۔وادی لیپا کو ہٹیاں بالا سے ملانے والی شاہراہ بھی بند ہے ۔ زیارت، دیر بالا لواری ٹاپ میں مزید برف باری ہوگی جب کہ پنجاب ،خیبر پختونخوا ، بالائی سندھ میں آج بھی بارش جاری رہنے کا امکان ہے ۔ بلوچستان کی مکران ڈویژن اور ضلع لسبیلہ میں بارشوں سے پیدا صورتحال کے تناظر میں ایمرجنسی نافذ  کر دی گئی ۔ لسبیلہ میں مختلف مقامات پر سیلابی ریلے میں پھنسے 74 افراد کو بچا لیا گیا ،پاک فوج کے چار ہیلی کاپٹر آج امدادی سرگرمیوں میں حصہ لینگے۔وزیر اعلیٰ نے ہیلی کاپٹر استعمال کرنے کی ہدایت دےدی ۔ ترجمان بلوچستان حکومت کے مطابق پاک فوج کے 4 ہیلی کاپٹر بھی آج  سے امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیں گے ۔ جبکہ کوہ سلیمان کے پہاڑی علاقوں میں بارش سے ندی نالوں میں طغیانی آگئی ۔ پشاور سمیت پورے خیبر پختونخوا میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے ،گذشتہ دو دنوں سے بارشوں سے  شہر کے کئی علاقے زیر آب آگئے  ۔ کوہاٹ روڈ ،جی ٹی روڈ اور اندرون شہر سمیت یونیورسٹی روڈ کے علاقے بھی بارش کے پانی میں ڈوب گئے، جس سے ٹریفک کا نظام متاثر ہو کر رہ گیا متعدد علاقوں میں بجلی کی ترسیل بھی معطل رہی ۔ مالم جبہ سوات، چترال، شانگلہ  اور پارہ چنار کئی علاقوں میں برفباری بھی جاری رہی  جس سے صوبہ بھر میں سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ۔ دیر بالا کےعلاقے کارو درہ میں لینڈ سلائیڈنگ  سے 2بچے جاں بحق ہو گئے ،لینڈ سلائیڈنگ سے انور باچہ نامی شخص کا گھرمکمل تباہ ہوگیا۔لینڈ سلائیڈنگ سے میاں بیوی سمیت3 افراد شدید زخمی  ہو گئے جب کہ  گندیگار میں مکان پر بھاری پتھر گرنے سے بھی ایک شخص موقع پر جاں بحق ہوا ۔ روجھان کی بستی اللہ بخش میں مکان کی چھت گرنے سے2افراد جاں بحق ہوئے ۔ہنگو میں چھت گرنے سے ماں بیٹی جاں بحق ہو گئی۔ ملتان کے علاقے بدھلہ روڈ پر بارش کے باعث گھر کی چھت گرنے سے تین بچوں سمیت 4افراد جان کی باز ہار گئے  جبکہ گوجرانوالہ میں اسکول کی عمارت گرنے سے خاتون ٹیچر جاں بحق ہو گئی ۔شیخو پورہ میں مکان کی چھت گرنے سے میاں بیوی ، روجھان میں مکان منہدم ہونے سے دو افراد  جاں بحق ہوئے ۔