Saturday, April 27, 2024

ملک بھر میں بادلوں کے ڈیرے ، شمالی علاقہ جات میں بارش کا سلسہ جاری

ملک بھر میں بادلوں کے ڈیرے ، شمالی علاقہ جات میں بارش کا سلسہ جاری
March 8, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) ملک بھر میں بادلوں کے ڈیرے ہیں۔ شمالی علاقہ جات میں دوسرے روز بھی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ ملک کے مختلف علاقوں میں ایک بار پھر جھڑی لگ گئی۔ زیارت اور سنجاوی سمیت شمالی علاقوں میں دوسرے روز ہونے والی بارش نے سردی کو ٹھہرا دیا۔ دیر بالا اور گردونواح میں درجہ حرارت ایک ڈگری تک گر گیا۔ آزاد کشمیر میں بادل کھل کر برسے۔ بہاولپور سمیت جنوبی پنجاب کے کئی شہروں میں رات گئے بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ ہارون آباد، احمد پور شرقیہ، اوچ شریف اور گرد و نواح میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ ٹبہ سلطان پور، وہاڑی اور اطراف کے علاقوں میں بھی ابرکرم برسنے سے  موسم دلفریب ہو گیا۔ ملتان اور گرد و نواح میں گہرے بادلوں کا راج ہے۔ دن بھر  بوندا باندی کا سلسلہ جاری رہے گا۔ لاہور اور فیصل آباد سمیت میدانی علاقوں میں بادلوں نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں۔ صوبائی دارالحکومت لاہور میں  ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ آج شہر کے کئی مقامات پر ہلکی اور تیز بارش کا امکان ہے۔ کوئٹہ میں بھی مطلع جزوی ابر آلود ہے۔ تیز ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے قلات کا درجہ حرارت صفر ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ موسم کا حال بتانے والوں نے ژوب اور ڈی آئی خان میں آج چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔