Friday, May 17, 2024

ملک بھر میں انسداد پولیو مہم سترہ فروری سے شروع ہو گی

ملک بھر میں انسداد پولیو مہم سترہ فروری سے شروع ہو گی
February 14, 2020
 لاہور (92 نیوز) ملک بھر میں انسداد پولیو مہم سترہ فروری سے شروع ہو گی۔ وزارت صحت کے مطابق 2019 کی نسبت رواں برس پولیو کیسز کی تعداد میں نمایاں کمی آئے گی۔ پولیو ایک ایسا وائرس جس کی افزائش گندگی کے باعث ہوتی ہے۔ یہ وائرس پانچ سال تک کے بچے پر حملہ آور ہوتا ہے۔ منہ سے بچوں کی بڑی آنت تک پہنچنے والاپولیو وائرس ریڑھ کی ہڈی پر اثر انداز ہوتا ہے اور پٹھوں کو اپنی لپیٹ میں لیتے ہوئے ننھی عمر میں ہی بچے کو ہمیشہ کے لیے معذور بنا دیتا ہے۔ دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی اس مرض سے لڑنے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں ۔ پی آر ٹو سٹی ڈسٹرک گورنمنٹ لاہور عمران مقبول کا کہنا ہے کہ صوبائی دارالحکومت لاہور میں 17 فروری کو انسداد پولیو مہم شروع کرنے جارہے ہیں جس میں شہر بھرمیں موجود پانچ سال سے کم عمر 19 لاکھ بچوں کو پولیو کے قطرے پلائیں جائیں گے ۔ قطرے پلانے سے انکاری افراد کےخلاف قانون حرکت میں آئے گا۔ پولیو وائرس کا شکار بننے والے بچے ابتدائی طور پر گلے کی سوزش، بخار، تھکاوٹ، سر درد اور پیٹ کی مسلسل تکلیف سے دو چار رہتے ہیں۔ بچے کو بازو اور ٹانگوں کی حرکت میں شدید دشواری ہوتی ہے اور بعض دفعہ تو یہ حرکت کرنا بند کر دیتے ہیں۔ 2019 میں پنجاب میں پولیو کے 10 کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ ملک بھر میں اس بیماری کا نشانہ بننے والے بچوں کی تعداد 144 ہے۔ دنیا بھر میں پاکستان، نائیجیریا اور افغانستان سمیت ان ممالک میں شامل ہے جہاں پولیو پر مکمل قابو نہیں پایا جا سکا۔ اعضاء کی معذوری کے طبی معائنے کے بعد نمونے فالج یا پولیو کی تشخیص کے لیے ملک کی واحد لیبارٹری قومی ادارہ صحت اسلام آباد میں موجود ہے  جہاں پولیو وائرس کے حملے کی تصدیق ممکن ہو پاتی ہے۔