Saturday, May 11, 2024

ملک بھر میں انسدادِ پولیو مہم جاری، 4 کروڑ بچوں کو پولیو کے قطرے پلانا ہدف

ملک بھر میں انسدادِ پولیو مہم جاری، 4 کروڑ بچوں کو پولیو کے قطرے پلانا ہدف
April 3, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) پولیو سے پاک پاکستان، ملک بھر میں انسدادِ پولیو کی مہم جاری ہے، مہم کا ہدف چار کروڑ بچوں کو پولیو کے قطرے پلانا ہے۔ عوام میں پولیو کے بارے میں آگاہی بڑھانے میں میڈیا بھی اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

29 مارچ سے شروع ہونے والی ملک گیر انسدادِ پولیو مہم کامیابی سے جاری ہے، مہم کا ہدف چار کروڑ بچوں کو پولیو کے قطرے پلانا ہے۔ پہلے چار دنوں میں ساڑھے تین کروڑ سے زائد بچوں کو قطرے پلائے جا چکے ہیں۔ پولیو ورکرز گھر گھر جا کر پانچ سال کی عمر تک کے بچوں کو قطرے پلا رہے ہیں۔ پولیو جیسی خطرناک بیماری کے خلاف اس کیمپین میں دو لاکھ نوے ہزار فرنٹ لائن ورکرز اپنی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں، جو قوم کے ہیرو ہیں۔

ملک کے طول و عرض میں جاری اس مہم کی سیکورٹی کی ذمہ داری پاک فوج احسن طریقے سے نبھا رہی ہے، مسلح افواج دیگر قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے ساتھ مل کر بلوچستان اور خیبرپختونخوا سمیت مختلف علاقوں میں پولیو ٹیموں کی حفاظت یقینی بنا رہی ہیں، اب تک کوئی بھی ناخوشگوار واقعہ دیکھنے میں نہیں آیا۔

عوام میں پولیو کے بارے میں آگاہی بڑھانے میں میڈیا بھی اہم کردار ادا کر رہا ہے، اس مہم کے دوران کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے تمام ضروری اقدامات اور حفاظتی تدابیر کا خاص خیال رکھا جا رہا ہے۔