Thursday, May 9, 2024

ملک بھر میں انسداد پولیو مہم شروع ہو گئی

ملک بھر میں انسداد پولیو مہم شروع ہو گئی
December 16, 2019
لاہور(92 نیوز) پنجاب سمیت ملک بھر میں قومی انسداد پولیو مہم  شروع کر دی گئی ، جس کے دوران بچوں کو مختلف بیماریوں سے بچاؤ اور قوت مدافعت میں اضافہ کے لئے وٹامن اے کے کیپسول بھی دیے جا رہے ہیں ۔ انچارج پولیو پروگرام سلمان غنی کے مطابق حکومت کسی بھی بچے کو پولیو ویکسین سے محروم نہیں رہنے دے گی۔گھر گھر ، ہسپتالوں اور اہم گزرگاہوں پر ویکسین بچوں کو پلانے کیلئے  50 ہزار سے زائد ٹیمیں تشکیل دی ہیں،پنجاب بھر میں ایک کروڑ 99 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائیں گے ۔ شکایات اور معلومات کے حصول کیلئے واٹس ایپ ہیلپ لائن 03467776546 متعارف کرا دی، انسداد پولیو ویکسین مکمل محفوظ ، موثراور لیبارٹری سے منظور شدہ ہے ،والدین تعاون کریں ۔ کراچی میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے گڈاپ ٹاؤن میں بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر مہم کا آغاز کیا ، سندھ بھر میں پانچ سال سے کم عمر کے بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔ بلوچستان میں تین روزہ مہم کے دوران پچیس لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے، مہم کے لئے 10ہزار452 ٹیمیں تشکیل دی گئیں ہیں، جن میں آٹھ ہزار سات سو باون موبائل ٹیمیں، نو سو بیالیس فکسڈ پوائٹس اور چھ سو پانچ ٹرازٹ پوائنٹس پر فرائض انجام دے رہی ہیں۔ وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان نے اپنے پیغام میں بچوں  کو انسداد پولیو کے قطر پلانے پر زور دیا ہے، جبکہ پولیو ٹیموں کو بھر پور تحفظ اور تمام سہولتیں دینے کیلئے اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ ادھر خیبرپختونخوا میں وزیراعلیٰ کے پی محمود خان نے تین روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز کیا، مہم کے دوران صوبے کے پانچ سال سے کم عمر 67 لاکھ بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے، پولیو مہم کے لئے 22 ہزار سے زائد پولیو ٹیمیں مقرر کی گئی ہیں۔ ادھرمحکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کئیر کے تمام تر دعوے اور پے در پے مہمات بھی پنجاب میں پولیو مزید پھیلنے سے روکنے میں ناکام ہو گئیں، مظفر گڑھ کی 7ماہ کی بچی پولیو وائرس سے دونوں ٹانگوں سے معذور ہو گئی۔ قومی ادارہ صحت نے بچی کی معذوری پولیو سے ہونے کی تصدیق کر دی،ذرائع کے مطابق بچی کو پولیو کی حفاظتی ویکسین کی ایک بھی خوراک نہیں پلائی گئی۔ پنجاب میں پولیو سے متاثرہ بچوں کی تعداد 6 ہو گئی ہے ، لاہور سے چار کیس رپورٹ ہوئے تھے ،رواں سال پنجاب میں 85 سے زائد ماحولیاتی نمونوں میں وائرس پکڑا گیا۔ پنجاب میں ٹائپ ٹو کا بھی ایک کیس رپورٹ ہوا تھا۔